راولپنڈی (ویب نیوز )راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے نو منتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ندیم روف نے سال 2021-22کے لیے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر،عاصم ملک نے سینئر نائب صدر اورطلعت اعوان نے بطور نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی پروقار تقریب چیمبر بلڈنگ میں منعقد ہوئی۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے نو منتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ تقریب میں چیمبر عہدیداران، سابق صدور جلیل ملک، نجم ریحان، ڈاکٹر سروش،منظر خورشید،عبدلرؤف چوہدری، اسد مشہدی، جاویداختر بھٹی، ڈاکٹر شمائیل، میاں ہمایوں، راجہ عامر اقبال، زاہد لطیف خان، شاہد سلیم، صبور ملک،رخصت ہونے والے صدر ناصر مرزا، ایگزیکٹو ممبران، شہر کی انجمن تاجران کے نمائندوں شیخ حفیظ، شاہد غفور پراچہ، ارشد اعوان،تاج عباسی،چوہدری اقبال، طارق جدون،ظفر قادری،سمال چیمبر کے صدر شیخ آصف ادریس، ندیم شیخ، سمیت چیمبر ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نومنتخب صدر ندیم روف نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح تاجر و صنعت کار کی بہتری اور ترقی ہے۔ راولپنڈی کو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانا اور چیمبر ممبران کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔خطے کی تاجرو صنعت کار برادری کی بہتر ی اور ترقی ہماری اولین ترجیح ہو گی اور اس مقصد کے حصول کے لیے موثر کردار ادا کیا جائے گا۔ تمام حکومتی اداروں اور انجمن تاجران کے ساتھ قریبی رابطہ بڑھایا جائے گا۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ کرونا وبا کے باوجود راولپنڈی چیمبر نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کئی اہم ایونٹس منعقد کیے، تاجروں کے لیے ریلیف اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ لاک ڈاون، کاروباری اوقات اور ہفتہ وار چھٹی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور رابط رکھا اور ریلیف لیا۔ ایس ایم نسیم نے نئی منتخب ٹیم کو اپنے عہدوں کا چارج سنبھا لنے پر مبارکبا دپیش کی۔