استادکو معاشرے میں باوقار مقام دیے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا،ڈاکٹر کلیم عباسی
استاد ہی وہ خشت اول اور ستون ہے جس پر معاشرے اور پورے تعلیمی نظام کی عمارت کھڑی ہے،
عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے ہونے والی بیسٹ ٹیچر ایوارڈ کی تقریب سے وائس چانسلر اور دیگر مقررین کا خطاب

مظفرآباد  (ویب نیوز )

آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا ہے کہ اگر ہم نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنا ہے تو استاد کو معاشرے میں باعزت اور باوقار مقام دینا ہوگاکیونکہ استاد ہی وہ ستون ہے جس پر معاشرے اور پورے تعلیمی نظام کی عمارت کھڑی ہے۔ یہ بات انہوں نے عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے ہونے والی بیسٹ ٹیچر ایوارڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کی۔تقریب جس کا اہتمام ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی (آفاق)نے کیا تھا سے آفاق کے ریجنل ہیڈ نمیر حسین مدنی، زونل ہیڈ شفقت عباسی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ مظفرآباد عظمت قریشی، جامعہ کشمیر کے ڈپٹی رجسٹرار سردار ظفر اقبال، محکمہ تعلیم کی آفیسر محترمہ ساجدہ بہار، نعیم الرحمن صدیقی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ آفاق کے زیر انتظام چلنے والے سکولوں کے اساتذہ نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اپنے خطاب میں آفاق اور ریڈفاونڈیشن کی تعلیمی ترقی، اساتذہ اور طلبہ کی تربیت اور ریاست میں شرع تعلیم کو بلند کرنے کیلئے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج آزاد کشمیر پورے پاکستان میں تعلیمی ترقی کے لحاظ سے سب سے آگے ہے، جس کا کریڈٹ جہاں آزاد کشمیر کے محکمہ تعلیم کو جاتا ہے وہاں آفاق و ریڈفاونڈیشن جیسی تنظیمیں بھی مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے تعلیمی ترقی کو اپنا مشن بنایا اور نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔ ڈاکٹر کلیم عباسی نے اپنی نجی زندگی کے مختلف واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آج جو مقام حاصل کیا ہے اس میں ان اساتذہ کا بنیادی کردار ہے جن سے انہوں نے اپنی تعلیمی زندگی کے مختلف ادوار میں تعلیم، تربیت اور رہنمائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دور میں استاد صرف تعلیم ہی نہیں دیتا تھا بلکہ وہ اپنے شاگرد کی فطری قابلیت اور اس کے میلان طبع کو جانچ کر اس کے لیے کیئرئیر کونسلنگ کا فریضہ بھی انجام دیتا تھا، لیکن بدقسمتی سے اب عمومی طور پر ایسا نہیں ہوتا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ پیشہ معلمی کو ملازمت کا ذریعہ بنانے کے بجائے اسے قومی تعمیر کا مقدس فریضہ سمجھ کر اختیار کریں اور جب وہ اپنی سوچ و فکر کو تبدیل کرینگے تو معاشرہ بھی ان کو نئی قدرو منزلت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی تجربہ ہے کہ اگر ایک طالب علم کو اس کی صلاحیتوں کی پہچان رکھنے والا استاد مل جائے تو اسے زندگی میں کامیابی حاصل کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی نے کہا کہ آج پورے آزاد کشمیر میں ہائی لٹریسی ریٹ اور جو وسیع تعلیمی نیٹ ورک نظر آتا ہے اس میں مجاہد اول سردار محمد عبد القیوم خان کا بڑا کردار ہے،جنہوں نے 1970کی دہائی میں اپنے دور صدارت میں تعلیم کو ترجیح اول بنا کر قوم کو تعلیم کی راہ پر ڈالا۔ اسکے بعد بھی ہمارے دوسرے قائدین نے تعلیمی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کیا اور پانچ جامعات قائم کرکے اعلیٰ تعلیم کی ترقی و ترویج کیلئے کوششیں تیز کیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مقدار تعلیم میں ہماری پیش رفت نہایت حوصلہ افزا ہے لیکن معیار تعلیم کیلئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمدکلیم عباسی اور آفاق کے رہنماوں نے اعلیٰ تدریسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں شیلڈز اوت تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
٭٭٭٭٭٭