چودھری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے نوازشریف، آصف زرداری، مریم نواز کے فون، حمزہ شہباز ہسپتال پہنچ گئے

چودھری شجاعت حسین نہایت زیرک، سلجھے ہوئے سیاستدان ہیں ہماری فیملی سے دیرینہ رشتہ ہے۔ شریف فیملی، اللہ کریم انہیں جلد اور مکمل صحت عطا فرمائے۔ آصف زرداری

لاہور (ویب  نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے کیلئے سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف، سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، مریم نواز اور دیگر ممتاز سیاسی رہنمائوں نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جبکہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف خود ہسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سالک حسین ایم این سے ملاقات کی۔ تمام رہنمائوں نے چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ چودھری پرویزالٰہی اور سالک حسین نے مختلف رہنمائوں سے گفتگو کے دوران ان سے دلی طور پر اظہار تشکر کیا۔ میاں نوازشریف اور مریم نواز نے چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک حسین سے فون پر رابطہ کیا اور چودھری شجاعت حسین کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین وضع داری کی علامت ہیں، ہم ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے چودھری پرویزالٰہی اور چودھری سالک حسین سے فون پر بات چیت کی اور چودھری صاحب کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام نیک خواہشات اور دعائیں چودھری شجاعت حسین کیلئے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی اور سالک حسین سے ہسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ آپ کی فیملی سے ہمارا احترام کا رشتہ ہمیشہ سے قائم ہے، چودھری صاحب نہایت زیرک اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ہماری پوری فیملی ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔ چودھری پرویزالٰہی اور سالک حسین نے حمزہ شہباز اور ان کی فیملی کا شکریہ ادا کیا