لاہور کورہیڈکوارٹرز کا دورہ ، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پربریفنگ دی گئی

لاہور  (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ ہم ایک تربیت یافتہ فوج ہیں مادروطن کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے لاہور کورہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پربریفنگ دی گئی آرمی چیف نے کورکی آپریشنل تیاریوں اور کورونا سے متعلق اقدامات کی تعریف کی۔آرمی چیف نے لاہور میڈکل کالج( ایل ایم سی) کا بھی دورہ کیا اور اسکول آف الائیڈہیلتھ سائنسزکا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر انہوں نے لاہور میڈیکل کالج کے طلبہ و اساتذہ سے تبادلہ خیال کیا، کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز آرمی چیف کیساتھ تھے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایل ایم سی پاکستان میں نمایاں کالج کے طور پر سامنے آیا ہے ایل ایم سی فزیکل تھراپی سمیت معیاری ڈاکٹرز تیار کر رہا ہے نوجوان ملک اورانسانیت کی خدمت کے لئے بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔آرمی چیف نے بیدیاں میں اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا جہاں مقامی فارمیشن کمانڈرز نے تفصیلی بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے جوانوں کی تیاریوں اور بلندعزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی ادائیگی میں جوانوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ہم ایک تربیت یافتہ فوج ہیں مادروطن کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنائیں گے۔