پاکستان کو سعودی عرب سے 3ارب ڈالرموصول،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے اسٹیٹ بینک ذخائر میں 3ارب ڈالر کے ڈیپازٹس جمع کرائے گئے

شوکت ترین نے سعودی قیادت سے اظہار تشکر ،سعودی عرب ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کاتیل ایک سال کی ادائیگی پر دے گا

اسلام آباد(ویب  نیوز)

پاکستان کو سعودی عرب سے 3ارب ڈالرموصول ہوگئے ،سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعدزرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا، مشیر خزانہ شوکت ترین نے سعودی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے3ارب ڈالرموصول ہوگئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے اسٹیٹ بینک ذخائر میں 3ارب ڈالر کے ڈیپازٹس جمع کرائے گئے۔سعودی عرب نے پاکستان کو تیل ادھار دینے کا بھی اعلان کررکھاہے ، سعودی عرب ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کاتیل ایک سال کی ادائیگی پر دے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کاپیکیج معیشت کی بہتری اور روپے کے استحکام میں معاون ہوگا۔دوسری جانب مشیر خزانہ شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ سعودی عرب کی جانب سے3ارب ڈالر کے ڈیپازٹس اسٹیٹ بینک کوموصول ہوگئے ہیں ، ڈپازٹ کی رقم موصول ہونے پر سعودی مملکت اورولی عہدمحمدبن سلمان کے شکرگزارہیں۔یاد رہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ سعودی فنڈفارڈیولپمنٹ اور اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے ، دستخط سعودی فنڈچیف ایگزیکٹوآفیسرہزایکسی لینسی سلطان بن عبدالرحمن المرشد نے کئے۔گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بینک دولت پاکستان کراچی میں دستخط کئے تھے ، معاہدے کے تحت سعودی فنڈاسٹیٹ بینک کے پاس 3ارب ڈالر رکھوائے گا اور ڈپازٹ رقم اسٹیٹ بینک زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بنے گی۔