ڈائریکٹوریٹ جنرل جی ایس ٹی نے خزانے کی گنتی کے لیے بھارت کے مرکزی بینک سے مدد لی

کانپور (ویب ڈیسک)

بھارت کے شہر کانپور سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت پیوش جین کے قبضے سے 195 کروڑ بھارتی روپے نقدی، 23 کلو گرام سونا اور 6 کروڑ روپے مالیت کا قیمتی سامان برآمد ہو گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ایس ٹی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے پرفیوم کے کاروبار سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پیوش جین کی زیر ملکیت مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر بھارتی تاریخ کی سب سے بڑی رقم برآمد کی تھی۔ڈی جی جی ایس ٹی نے پیوش جین کے قبضے سے 195کروڑ بھارتی روپے نقدی، 23کلو گرام سونا اور 6کروڑ روپے مالیت کا چندن کا تیل برآمد کیا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل جی ایس ٹی نے 120 گھنٹے کے چھاپے کے دوران ضبط کیے گئے خزانے کی گنتی کے لیے بھارت کے مرکزی بینک سے مدد لی اور پھر بینک کی مشینوں کی مدد سے رقم کی گنتی کی گئی۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پیوش جین کو ٹیکس چھپانے کے جرم میں 52کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ملزم اس وقت 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔دوسری جانب پیوش جین کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ جرمانے کی 52 کروڑ روپے کی رقم کی وصولی کے بعد باقی رقم میرے موکل کو واپس کی جائے۔تاہم اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ کیس کے فیصلے تک رقم حکومت کے اکائونٹ میں رہے گی۔