فرخ حبیب اپنے کیس سے متعلق علیحدہ درخواست جمع کراسکتے ہیں،الیکشن کمیشن

 ہر کیس میں سب چیزیں پبلک ہوتی ہیں۔ جوابدہ کے کہنے پر سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو خفیہ رکھا گیا،وکیل اکبر ایس بابر

 الیکشن کمیشن نے سماعت پندرہ روز کے لئے ملتوی کر دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی سے مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کے اکائونٹس کی رپورٹ 10 روز میں طلب کرلی۔وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے دونوں جماعتوں کے اکائونٹس کی سکروٹنی جلد مکمل کرنے کی اورپی ٹی آئی وکیل شاہ خاور نے سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پبلک نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کیا   مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ سے متعلق کیس لگا ہے، فرخ حبیب اپنے کیس سے متعلق علیحدہ درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ فرخ حبیب کی استدعا پر چیف الیکشن کمشنر نے سکروٹنی کمیٹی کو ہدایت کی کہ 10 دنوں میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے اکائونٹس پر پیشرفت رپورٹ جمع کرائی جائے، تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ یہ رپورٹ صرف فریقین کے لیے ہے، رپورٹ فریقین کو دے دی جائے۔ ہم اپنے کمنٹ دے دیں، اس رپورٹ کو اس وقت تک پبلک نہ کیا جائے،دیگر جماعتوں کے اکائونٹس کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہو جانے دیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سب رپورٹس کو کیسے اکٹھا کر سکتے ہیں۔ رپورٹ کی کاپیاں تمام فریقین کو فراہم کریں، اکبرایس بابر کے وکیل  نے کہا  کہ ہر کیس میں سب چیزیں پبلک ہوتی ہیں۔ جوابدہ کے کہنے پر سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو خفیہ رکھا گیا۔الیکشن کمیشن آرڈر کر دے کہ فریقین سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک نہ کردیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں اتفاق ہے کہ رپورٹ کو پبلک کرنے کی ممانعت کرنے کی پوزیشن میں نہیں، الیکشن کمیشن نے سماعت پندرہ روز کے لئے ملتوی کر دی۔