اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے شہید افضل گرو اور محمد مقبول بھٹ شہید کی برسی کے موقع پر شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد افضل گرو اورمحمد مقبول بھٹ جیسے شہدا کی قربانیوں کے باعث آج کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد بھر پور انداز سے جاری ہے اور کشمیریوں کے جذبہ حریت بھارتی افواج کے تمام پر مظالم سے زیادہ طاقتور ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے محمد افضل گرو کا عدالتی قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے اور بھارتی افواج روزانہ کی بنیاد پر کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج بھارت کے تمام ریاستی ادارے ہندتواکے نظریے کو پروان چڑھانے کے لئے آر ایس ایس کے اہلکار بن چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیراور پورے بھارت میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے اورہندو انتہا پسندکھلے عام مجموں میں مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے بھارتی عوام کو اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں مسلمان خواتین کو حجاب سے روکنا بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے ایک انتہائی قابل مذمت عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو بھارتی انتہا پسند رویے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے اورمقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلوانے اور بھارت میں موجود اقلیتوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھانے چاہیے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا  پر امن حل خطے میں دیر پا امن کے لئے انتہائی ضروری ہے۔