خانیوال (ویب ڈیسک)

خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں مشتعل ہجوم نے مبینہ توہین مذہب پرایک شخص پر بہیمانہ تشدد اور قتل کردیا جس پر پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا ، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کردی ۔  وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والے کے لیے برداشت صفر ہے، ہجوم کے ہاتھوں تشدد اور قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعا ًگوارا نہیں کی جائے گی ۔وزیر اعظم نے انسپکٹر جنرل (آئی جی)پنجاب سے   میاں چنوں واقعہ پر رپورٹ طلب کرلی ، انہوں نے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن کی ہدایت اور پولیس کی جانب سے فرائض میں کوتاہی پر بھی رپورٹ طلب کی ہے۔ ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں مشتعل ہجوم نے ایک شخص کو مبینہ توہینِ مذہب کے بعد بہیمانہ تشدد کر کے ہلاک کر دیا  ، اطلاعات کے مطابق واقعہ خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں پیش آیا ہے۔واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گذشتہ روز سے وائرل ہیں۔ویڈیوز میں ہجوم کے ایک شخص کو اینٹوں اور پتھروں کا نشانہ بنانے اور لاش کو درخت سے لٹکانے کے مناظر ہیں۔