اتحادیوں کا روس پر مزید پابندیوں ، امریکہ کا یوکرین کیلئے 60 کروڑ ڈالر کی فوری عسکری امداد کا اعلان

روس کے مخصوص روسی بینکوں کو سوئفٹ پیمنٹ سسٹم سے علیحدہ کرنے پر اتفاق،اب سینٹرل بینک پر بھی پابندیاں عائد ہوں گی

 روسی بینکوں کو سوئفٹ بیکنگ نظام سے نکالنے کا اقدام خوش آئند اوریہ ہماری فتح ہے،یوکرینی صدر

واشنگٹن/کیف (صباح نیوز)امریکہ اور مغربی ممالک نے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیاجبکہ امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کر دیئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے روس کے مخصوص روسی بینکوں کو سوئفٹ پیمنٹ سسٹم سے علیحدہ کرنے پر اتفاق کر لیا اور اب روس کے سینٹرل بینک پر بھی پابندیاں عائد ہوں گی۔امریکی میڈیا کے مطابق روس پر مزید پابندیوں کا اطلاق آئندہ دنوں میں ہو گا۔  برطانوی میڈیا کاکہنا ہے کہ یورپی یونین، امریکا اور اتحادیوں نے کئی روسی بینکوں کو مرکزی بین الاقوامی ادائیگی نظام سے منقطع کرنے پراتفاق کیا ہے۔یوکرینی صدر نے کہاہے کہ روسی بینکوں کو سوئفٹ بیکنگ نظام سے نکالنے کا اقدام خوش آئند ہے،یہ اقدام ہماری فتح ہے۔صدر یوکرین کا مزید کہنا ہے کہ روس کو یورپی یونین کے اقدام سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوگا۔دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ صدر جوبائیڈن کی جانب سے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کو تحریر کردہ ایک مراسلے میں ساڑھے 30 کروڑ ڈالر غیرملکی معاونتی قانون کے تحت یوکرینی دفاع کے لیے جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔اس کے علاوہ مزید ڈھائی سو ملین ڈالر یوکرائنی فوج کے لیے کسی قانونی نکتے سے ماورا فوری دفاعی امداد کی مد میں صرف کیے جائیں گے۔