اسلام آباد (ویب نیوز)

سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  نے  امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ  کیا ہے ،پی ٹی آئی ذرائع  کے مطابق عمران خان کا وزیراعظم کے منصب سے ہٹائے جانے کے بعد جماعت اسلامی سے یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔ ٹیلیفونک رابطے میں ملکی سیاسی صورتحال، دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی  کے امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ حکومت کو ایک باضابطہ سازش کے تحت ہٹایا گیا قومی رجحانات کی حامل محب وطن قوتوں کو مل کر سازش ناکام بنانی ہوگی،پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق  دونوں قائدین نے روابط میں تسلسل برقرار رکھنے پر اتفاق کیاجبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماوں پرویز خٹک اور اسد قیصر کو جماعت اسلامی سے روابطہ آگے بڑھانے کا ٹاسک دیا گیا ہے،اس بارے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ پانچ سال بعد عمران خان نے رابطہ کیاہے اور آئندہ رابطہ کریں گے اپنا ایجنڈا بتائیں گے تو ہم غور وخوض کرکے اپنے  لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے ۔