ملک میں بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 500 میگاواٹ سے بڑھ گیا، 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ

بجلی گھروں کو ایندھن کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی،ہائی لاسزوالے علاقوں میں 18گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری

آئیسکو ریجن کو 700 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ، اسلام آباد میں مسلسل 3،3 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے

روزہ اور گرمی میں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا، کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئیں

اسلام آباد( ویب نیوز) گرمی کی شدت میں اضافے سے بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 500 میگاواٹ سے بڑھ گیا۔ ملک بھر میں 12 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، ذرائع دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے زیادہ ہے۔بجلی گھروں کو ایندھن کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی، ملک بھرمیں 12گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری،ہائی لاسزوالے علاقوں میں 18گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے جس کے نتیجے میں عوام پریشانی کا شکار ہو گئے۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی مجموعی پیداوار18ہزار 400میگاواٹ کی سطح پر برقرار ہے جبکہ بجلی کی طلب 27 ہزار 200میگاواٹ اور مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار16 میگاواٹ ہے۔پن بجلی ذرائع سے 3 ہزار500میگاواٹ ،سرکاری تھرمل پاورپلانٹس 900 میگاواٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں سے14 ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے،آئیسکو ریجن کو 700 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ اسلام آباد میں مسلسل 3،3 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے۔ روزہ اور گرمی میں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا۔ کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئیں۔