FEDERAL MINISTER FOR INFORMATION AND BROADCASTING, MARRIYUM AURANGZEB ADDRESSING A PRESS CONFERENCE IN ISLAMABAD ON MAY 05, 2022.

حکومت کا بیرونی سازش کے الزام پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

کمیشن آزاد ہوگا، تمام انکوائری عوام کے سامنے کی جائے گی، مریم اورنگزیب

 عمران خان کے خلاف کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی، جب اپنے اتحادی چھوڑ جائیں تب آپ کو یاد آیا کہ بیرونی سازش ہوئی؟

وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس

اسلام آباد(  ویب نیوز)وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیرونی سازش کے الزام پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کردیا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی، جب اپنے اتحادی چھوڑ جائیں تب آپ کو یاد آیا کہ بیرونی سازش ہوئی؟۔مریم اورنگزیب نے زور دیا کہ جلسوں کا شیڈول بھی اپنی بے نامی فرح کو بچانے کا بہانہ ہے، عمران خان درحقیقت فرح گوگی کو بچاو کی تحریک چلا رہے ہیں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دورحکومت میں نالائقی اورلوٹ مارکا بازارگرم تھا، افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے، ایک ایک تفصیل آ چکی ہے، صبح شام بیرون ملک سازش کا تماشا فرح گوگی بچا تحریک ہے، آپ قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس صبح شام کے تماشے پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے، کمیشن آزاد ہوگا، تمام انکوائری عوام کے سامنے کی جائے گی، الزام تراشیاں فرح کو بچانے اور ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے ہیں،کمیشن کی جانب سے  جو بھی فیصلہ ہوگا  اس کے بعد وہ لوگ جنھوں نے ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کیا انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔مریم اورنگزیب کے مطابق انکوائری کمیشن کے لیے ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی اہلیہ بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان سے متعلق بیان پر  بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچا کا ماتم ہے،  معاشی دہشتگرد، معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے نالائقی کا ماتم کر رہے ہیں، سازشی ٹولے نے 4 سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی، اس ٹولے نے 4 سال خزانہ اورتوشہ خانہ لوٹا۔انھوں نے کہا کہ  تباہ حال معیشت، بیروزگاری، بدترین مہنگائی کی وجہ عمران صاحب کی کرپشن اور لوٹ مار ہے، عمران خان کے دور میں آٹا،چینی،گھی، دوائی اور کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی۔دوسری جانب مریم اورنگزیب نے  موجودہ حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 4 سال سے ستائی عوام کو 2 ہفتے میں مہنگائی سے ریلیف دیا، آج الحمدللہ  یوٹیلٹی اسٹورز کے باہر رمضان میں ایک کلوچینی کے لیے  قطاریں نہیں لگیں، آج عوام کو 4 سال کے بعد صرف 2 ہفتوں میں سستا آٹا،چینی اورگھی مل رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ آج سعودی عرب اور یو اے ای سے ملکی ترقی کے لیے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں، عمران صاحب کشکول لے کر دردرکی ٹھوکریں کھاتے رہے، عمران صاحب کا پھیلایا گند اور غلاظت صاف کر رہے ہیں،اس سے قبل ٹوئٹر پر چلنے والے ٹرینڈ گوگی بچا وتحریک میں حصہ لیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آج برادر ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ملکی ترقی کے لیے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں۔انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ خان صاحب کشکول لے کر در در کی ٹھوکریں کھاتے رہے، ان کا پھیلایا گند اور غلاظت صاف کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ آج ایندھن کی قیمتوں کے بوجھ کی وجہ عمران خان ہیں۔مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچاو کاماتم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشی دہشت گرد اور معاشی بارودی سرنگیں بجھانے والے آج اپنی نالائقی، نااہلی اور لوٹ مار کا ماتم کر رہے ہیں، سازشی ٹولے نے چار سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی