تحریک انصاف نے غیرملکی مراسلے پر کمیشن کا قیام مسترد کردیا

صرف آزاد عدلیہ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کو تسلیم کیا جائے گا۔ فواد چوہدری، فرخ حبیب

موجودہ حکومت امپورٹڈ سازش کا حصہ ہے، ہمارا مطالبہ سپریم کورٹ کے تحت کمیشن کا قیام ہے

الیکشن کمیشن آرٹیکل 63 اے پر عمل در آمد کرے، الیکشن کمیشن ایک ماہ میں فیصلے کا پابند ہے،پی ٹی آئی رہنماوں کی پریس کانفرنس

اسلا م آباد(ویب  نیوز)تحریک انصاف نے غیرملکی مراسلے پر حکومت کے کمیشن قائم کرنے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف آزاد عدلیہ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کو تسلیم کیا جائے گا۔یہ بات تحریک انصاف کے رہنماوں فواد چوہدری اور فرخ حبیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، تحریک انصاف صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سازش وہاں سے شروع ہوئی جہاں امریکا کی اڈے لینے کی خواہش سامنے آئی، عمران خان نے امریکا کو اڈے دینے پر ایبسولوٹلی ناٹ کہا، ہماری رائے ہے بحران پیدا ہونے سے پہلے انتخابات کی طرف چلے جائیں، مفتاح اسماعیل کہتے ہیں دیکھتے ہیں لوگ دھوپ میں کتنی دیر بیٹھتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو لوگ ایوانوں میں اور آپ دھوپ میں بیٹھیں، فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، مریم اورنگزیب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنی غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ آپ کے گھبرانے کا وقت کل کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔فرح خان کے معاملے پر فواد چوہدری نے کہا کہ فرح پر الزام کوئی نہیں ہے اور اس کے خلاف پریس کانفرنس روزانہ ہورہی ہے، حکومت کو عمران خان کے خلاف کچھ مل نہیں رہا اس لیے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اگر فرح خان نے کرپشن کی ہے تو اس پر کیسز کیوں نہیں بنائے جارہے؟انہوں نے کہا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے، دو تہائی وزرا ضمانتوں پر ہیں، پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، ملک تین ہفتے سے توانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندربانٹ کی وجہ سے ملک کرائسزز میں ہے۔تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ عدالتی کمیشن کا اعلان بدنیتی پر مبنی ہے، موجودہ حکومت امپورٹڈ سازش کا حصہ ہے، ہمارا مطالبہ سپریم کورٹ کے تحت کمیشن کا قیام ہے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز قطر کے نجی دورے پر ہیں  وہ واپسی پر مقصود چپڑاسی کو بھی لے آئیں، پنجاب میں جعلی وزیراعلی کا جعلی الیکشن ہوا۔انہوں نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن میں اہم سماعت ہے، الیکشن کمیشن آرٹیکل 63 اے پر عمل در آمد کرے، الیکشن کمیشن ایک ماہ میں فیصلے کا پابند ہے لیکن الیکشن کمیشن فیصلے میں تاخیر کر رہا ہے، ہمارے فارن فنڈنگ سے متعلق تمام اکاونٹ کلیئر ہیں، الیکشن کمیشن نے اس کیس میں جو تیزی دکھانا تھی نہیں دکھائی، اگر پنجاب اسمبلی کے 25 لوگ نا اہل ہوتے ہیں تو ان کے پاس مینڈیٹ ختم ہوجاتا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے عمران خان کو چھوٹے ذہن کے مخالفین ملے، پاکستان کے اقتدار کا فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، روس، امریکا اور مغرب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، موجودہ حکومت واشنگٹن سے مسلط کی گئی، پیرس اور لندن میں بھی ان کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا حشرکر دیا ہے، امپورٹڈ حکومت کا توجہ پی ٹی آئی پر زبردستی کیس بنانا ہے، شہباز شریف نے وزیراعظم بنتے ہی اپنے آپ کو این آراو دیا، ہمارے تمام اکانٹس واضح ہیں، 9 مئی کو مریم صفدر، بلاول بھٹو نے حساب دینا ہے