تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر کے پاس نہ پہنچ سکے

اسپیکر قومی اسمبلی انتظار کرتے رہے، استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع نہ ہوسکا

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے 30 اراکین کو بلا رکھا تھا مگر کوئی رکن پیش نہ ہوا

اسلام آباد( ویب  نیوز)تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع نہ ہوسکا، پی ٹی آئی کا کوئی رکن تصدیق کیلئے  اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہ ہوا،  تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی  ایوان زیریں سے مستعفی ہوچکے ہیں،ان کے استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پہلے فیز میں پیر کو تحریک انصاف کے  30ارکان اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کواستعفوں کی تصدیق کیلئے  پیش ہونے کی ہدایت دی تھی، پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو حلقہ وائز ان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا گیا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اپنے چیمبر میں پی ٹی آئی اراکین کی آمد کا انتظار کرتے رہے مگر کوئی رکن بھی پیش نہ ہوا۔سپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے ہر  پی ٹی آئی رکن کیلئے 5 منٹ مقرر کر رکھے تھے، اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کیلئے 10جون کی ڈیڈ مقرر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  اسپیکر نے صبح  11 بجے سے شام 4 بجے تک پی ٹی آئی اراکین کا انتظار کیا۔ اس دوران وہ اپنے چیمبر میں موجود رہے،مقررہ وقت کے بعد اسپیکر راجہ پرویز اشرف استعفوں سے متعلق اپنا فیصلہ کریں گے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے عمل میں شامل نہ ہونے کی ہدایت کی تھی۔