غرب اردن (ویب نیوز)

قابض اسرائیلی فوج نے مختلف کارروائیوں میں 12 فلسطینی اغواء اور چار کو زخمی کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے حماس کے ایک سینئر ذمہ دار غسان الذوبی کو بھی اغوا کیا ہے ۔ ان کے علاوہ اسلامی جہاد کے ذمہ دار اسامہ الحروب کو جنین کے علاقے سے اغوا کیا گیا جبکہ چھ دیگر فلسطینی شہریوں کو فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ سے اٹھایا گیا۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے ایک اغوا کی واردات  طوباس شہر سے متصل الفاریہ کیمپ میں کی گئی۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کی جانب سے الخلیل شہر میں بیت الاولا ٹائون کے الفوارکیمپ ، راملہ اور اریحا میں بھی کی گئیں۔  اسرائیلی قابض فوج کی ان کارروائیوں کے دوران بعض جگہوں پر فلسطینی نوجوانوں کی طرف سے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ طوباس میں مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جب یروشلم اور مغربی کنارے کے علاقے میں فوج نے  چڑھائی کی تو دو فلسطینی قابض فوج کی گولیوں سے زخمی ہو گئے۔ مشرقی یروشلم  کے شعفاط پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں کی توڑ پھوڑ بھی کی اور اس کیمپ سے چار فلسطینی نوجوانوں کو اٹھا کر لے گئی۔اسرائیلی قابض فوج نے جنوبی بیت اللحم کے علاقے میں قائم الدھیشہ کیمپ پر حملہ کیا۔ یہاں کے نوجوانوں کو فوج نے تشدد کا نشانہ بنایا  اور تین نوجوانوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تو جوابا نوجوانوں کی طرف سے بھی مزاحمت کی گئی۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ان زخمی نوجوانوں میں سے ایک کو زیادہ خراب  حالت میں  بیت جالہ ہسپتال لے جایا گیا۔ ان اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر بارہ فلسطینیوں کو اغوا یا گرفتار کیا گیا ۔ ان میں سے ابھی تک کسی کے بارے میں نہیں معلوم کہ اسے کہاں لے جایا گیا اور کیوں اٹھایا گیا ۔ چار زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں سے ایک شدید زخمی کی حالت نازک بتائی گئی ۔