100 یونٹ سبسڈی ریلیف پیکج کا اعلان خلاف ضابطہ قرار، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے 7 جولائی کو جواب طلب

اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 100 یونٹ سبسڈی ریلیف پیکج کا اعلان خلاف ضابطہ قراردیدیا ہے، پنجاب روشن گھرانہ پروگرام کانوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز  سے 7 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے،الیکشن شیڈول اعلان ہونے کے بعدکوئی سرکاری عہدیدار، منتخب نمائندہ ان حلقوں میں کسی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب ضمنی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کرکے 7 جولائی کو جواب طلب کر لیا ہے۔  اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 20 حلقوں میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان 25 مئی ، 2022 کیا تھا۔  الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی سرکاری عہدیدار، منتخب نمائندہ یا حکومتی عہدیدار الیکشن شیڈیول کے اعلان کے بعد ان حلقوں میں کسی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔  الیکشن کمیشن نے نوٹس وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کے ” روشن گھرانہ پروگرام ” کے تحت بجلی صارفین کے لئے 100 یونٹ سبسڈی ریلیف پیکج کے حوالے سے دیا ہے۔ واضح رہے کہ ریلیف پیکج کا اعلان وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے 4 جولائی 2022 کو کیا گیا جبکہ الیکشن شیڈیول 25 مئی 2022 کو جاری کیا گیا تھا۔