ڈھوک کالاخان میں ایمبولینس اورگاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئیں

 نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی، نالہ لئی کی سطح بھی بلند ہوگئی، واسا کا عملہ متحرک ہوگیا

بارش سے بھاٹہ چوک مویشی منڈی میں پانی جمع ہوگیا، قربانی کے جانور اور بیوپاری بھیگ گئے

اسلام آباد  (ویب نیوز)

جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث کئی علاقے میں پانی میں ڈوب گئے ،گھروں میں پانی داخل ہو گیا،سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی، کورنگ نالے سے 4 بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا ۔ اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی ، مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ، ایچ 13 سیکٹراور ترنول سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گلیوں اورگھروں میں داخل ہوگیا۔اسلام آباد میں تھانہ بنی گالہ کی حدود کورنگ نالے کے پانی میں پھنسے 4 بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیے جانے کے بعد گھروں پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ٹریفک کی روانی شدید متاثرہوئی، راولپنڈی میں بھی بادل کھل کربرسے، نشیبی علاقے زیرآب آنے کے بعد واسا کا عملہ بھی متحرک ہوگیا ، ڈھوک کالا خان، شاہ خالد کالونی سمیت دیگرنشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ڈھوک کالاخان میں ایمبولینس اورگاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئیں، جنہیں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی بلند ہوگئی، واسا کا عملہ متحرک ہوگیا۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ جڑواں شہروں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہائو 12 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 9 فٹ ہے، شہر میں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ۔بارش سے بھاٹہ چوک مویشی منڈی میں بھی پانی جمع ہوگیا، قربانی کے جانور اور بیوپاری بھیگ گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔