کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گا

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان پر جمعرات کو فرد جرم عائد کرنے کی سماعت کے سلسلے میں سرکلر جاری کردیا ہے۔ عمران خان کی توہین عدالت کیس میں جمعرات کو عدالت میں پیشی سے متعلق رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضابطہ اخلاق کا سرکلر جاری کردیا، جس کے مطابق لارجر بینچ   جمعرات  22 ستمبر کو دن ڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گا۔ سرکلر کے مطابق عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء کمرہ عدالت میں موجود ہو سکیں گے۔ اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاء افسران کے علاوہ 3 عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔ 15 کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا ء کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ہو گی۔ کمرہ عدالت میں آنے والوں کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کرے گا۔ سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ کورٹ ڈیکورم کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سیکورٹی انتظامات کرے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔