• سیلاب متاثرین کیلئے فرانسیسی صدر نے ڈونرز کانفرنس کی میزبانی کی پیشکش کی ، مقام اور وقت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے
  • وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو قیام امن کی دعوت دی مگر گزشتہ ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں 5 مذید کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا
  • تعمیری تعلقات کی راہ ہموار کرنے کیلئے بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ذمہ دارانہ اقدامات کرنا ہوں گے،ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

اسلا م آباد (ویب نیوز)

دفترخارجہ نے کہاہے کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کا معاملہ بہترانداز میں اٹھائے اور اس پر مختلف پہلوئوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو قیام امن کی دعوت دی مگر گزشتہ ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں 5 مذید کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں کو ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ذمہ دارانہ اقدامات کرنا ہوں گے کیوں کہ ان اقدامات کے بعد ہی بامقصد اور تعمیری تعلقات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ بھارت سے پاکستان باہمی مسائل کے حل، باہمی احترام اور دونوں ممالک کے مفاد میں تعلقات چاہتا ہے، البتہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد تعلقات میں مزید خرابی آئی ہے۔ ترجمان نے  کہا کہ بھارت کی جانب سے مجدد الف ثانی کی تقریب میں شرکت کے خواہشمند پاکستانیوں کو اجازت نہ دینا افسوسناک ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہے،یہ عرس 19 سے 26 ستمبر تک ہونا تھا اور 196 زائرین نے اس عرس میں شرکت کرنا تھی۔ بھارت نے44 افراد کو ویزا جاری نہیں کیا جبکہ دیگر کے ویزوں کو پولیس رپورٹ سے مشروط کردیا گیا۔ عاصم افتخار نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم  شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے خطاب میں بھارت کو قیام امن، اور مل کر مفلسی کے خلاف جدوجہد کی دعوت دی ہے تاہم گزشتہ ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں 5 مذید کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔  بھارت نے خوراک، پھلوں اور سبزیوں سے لدے ٹرک روک کر کشمیریوں کی اقتصادی ناکہ بندی کی کوششیں کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم نے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل سمیت متعدد عالمی راہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران تباہ کن سیلاب پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی،  موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات پر توجہ دلوائی اور موسمیاتی تبدیلیوں میں ترقی پذیر ممالک کے کم حصے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ثمرقند میں ایس سی او کے سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کی اور  19 ستمبر کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت کی جبکہ گزشتہ روز مصری ہم منصب نے وزیراعظم سے رابطہ کیا۔ اسکے علاوہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنی ملاقاتوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو اجاگر کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ نے سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن سے مفید ملاقات کی اور اس ملاقات میں امریکہ نے پاکستان کے لیے 10 ملین ڈالرز کا اعلان کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے نوجوان وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی جبکہ اپنے متعدد ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔  ترجمان نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 130 سے زاید پروازیں ٹرینیں اور ٹرک سیلاب زدگان کے لیے امداد کے کر پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے عافیہ صدیقی سے متعلق بتایا کہ امریکا میں قید عافیہ صدیقی کا معاملہ سینکڑوں پاکستانیوں کے دل کے قریب ہے، پاکستان عافیہ صدیقی کے معاملے کو اٹھانے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ بہترانداز میں اٹھائے اور اس پر مختلف پہلوئوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے، اس حوالے سے معاملہ عدالت میں ہے اوراس پر متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد عدالت کو رپورٹ جمع کرائیں گے۔ نیویارک میں موجود پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہوتا اگر روزویلٹ ہوٹل دفترخارجہ کا اثاثہ ہوتا اور یہ صورتحال کبھی نہ ہوتی تاہم یہ معاملہ پی آئی اے کا ہے اور اس پر مزید بات نہیں کرنا چاہتے۔ ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس کے انعقاد پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان سے عزم کر رکھا ہے، فرانسیسی صدر نے اس کانفرنس کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ ابھی  کانفرنس کے مقام اور وقت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔