بیرامے ڈیوپ کا سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار، متاثرین کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب نیوز)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا امریکہ کا دورہ، یو این سیکریٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات، باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور پاکستان میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یواین ملٹری ایڈوائزر  نے  امن دستوں اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر جنرل بیرامے ڈیوپ سے ملاقات کی۔ جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال سمیت پاکستان میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کی اقدار کے فروغ اور تنازعات کے دوران ردعمل میں اقوام متحدہ کے فوجی مشیر کے دفتر کے کردار کو سراہا۔ اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر  نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔  انہوں نے سیلاب متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔  اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی شراکت اور انسداد دہشت گردی میں غیر معمولی کامیابیوں کا بھی اعتراف کیا۔