اسلام آباد (ویب نیوز)

تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے پر عوام کے ٹیکس سے بڑی رقم خرچ ہوگی۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی پولیس نے تحریک انصاف  کے آزادی مارچ کو روکنے کے لیے اخراجات کا تخمینہ لگالیا ۔ مارچ کو اسلام آباد میں  داخلے سے روکنے کے لیے ایک ہفتے میں ایک ارب 5 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے 30 ہزار اہلکار تعینات کیے جا ئیں گے ۔وفاقی پولیس ، رینجرز ، ایف سی ، ایلیٹ فورس ، اور سندھ پولیس  کے اہلکار تعینات ہوں گے ۔اہلکاروں کے کھانے ،کنٹینرز اور دیگر اخراجات کی مد میں یومیہ 15 کروڑ  روپے خرچ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔پی ٹی آئی مارچ کے اعلان کے ساتھ ہی اہلکار تعینات اور کنٹینر سے راستے سیل کیے جائیں گے۔کنٹینرز اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر پہنچا دیے گئے  ہیں۔ریڈ زون جانے والے تمام راستوں سمیت اہم مقامات پر بھی کنٹینرز منتقل  کر دیے گئے  ہیں، زیرو پوائنٹ پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔