واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکہ کی معروف فلاحی تنظیم مسلم ریسپانس یو ایس اے کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے عطیات جمع کرنے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔  سفیر پاکستان مسعود خان نے سیلاب زدگان کی مدد کے حوالے سے تقریب کے انعقاد پر مسلم ریسپانس یو ایس اے کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق کا یہی جذبہ پاکستانیت کی پہچان ہے۔ سفیر پاکستان نے حالیہ سیلاب اور اسکے نتیجے میں بڑے پیمانے پرہونے والی تباہی پر بات کرتے ہوئے کہا پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کی سب سے زیادہ قیمت چکا رہا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ بننے والی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ محض 0.4فیصد ہے لیکن اس عمل سے متاثر ہونے والے دس بڑے ملکوں میں پاکستان کا شمار آٹھویں نمبر پر کیا جا رہا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ جنگلاتی آگ، موسم گرما میں ناقابل برداشت درجہ حرارت اور گلیشئرز کا پگھلانا ماحولیاتی تبدیلی کے مظاہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کی شدت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے موجود انتظامات سے کہیں زیادہ تھی جس کی وجہ سے شدید نقصانات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے  ملین آباد ی متاثر ہوئی ہے اور لاکھوں لوگ اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔ سفیر پاکستان نے امریکہ میں مقیم مخیر حضرات اور خصوصا پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے مشکل کی ہرگھڑی میں فراخدلانہ عطیات دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ہمارا اہم اثاثہ ہے جو نہ صرف مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہتی ہے بلکہ پاک امریکہ تعلقات اور دونوں ملکوں کو آپس میں جوڑنے کے حوالے سے بھی ایک پل کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔مسعود خان نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو مخالب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یقینا مشکل صورتحال سے دوچار ہے تاہم ملک کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت رکھنے والی نوجوان نسل پاکستانی کی ترقی کی ضامن ہے۔ٹیکنالوجی کے شعبے میں حالیہ ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے صاحب ثروت اور کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں تاکہ معاشی عمل تیز ہو اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالہا سال سے کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے منافع بخش کاروبار اس ضمن میں روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی معروف امریکی کمپنیوں نے سوا لاکھ پاکستانیوں کے لئے نوکریاں پیدا کیں جبکہ پانچ لاکھ گھرانوں کیلئے روزگارفراہم کیاہے۔ انہوں نے کہا امریکہ میں مقیم سرمایہ کار پاکستان کے محل وقوع کو برے کارلاتے ہوئے نہ صرف پاکستان بلکہ سنٹرل ایشیا، مڈل ایسٹ اور شمالی افریقہ کی بڑی مارکیٹ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ صدر اور سی ای او مسلم ریسپانس یو ایس اے ڈاکٹر عارف محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ تقریب کے اہتمام کا مقصد جہاں مخیر حضرات کو مصیبت زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد کی ترغیب دینا ہے وہاں ان تمام افراد اور شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو مسلم ریسپانس یو ایس اے کے مشن کو آگے بڑھانے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ تقریب کے دوران معروف پاکستانی براڈکاسٹر خالد حمید کو ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ مسلم ریسپانس یو ایس اے کی جانب سے سفیر پاکستان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی گئی ۔