کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہی ہوں گے

اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزارت داخلہ کی ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہو ئے اعلان کیا ہے کہ قومی اور صوبائی حلقوں کے ضمنی الیکشن 16 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا اجلاس کے دوران ضمنی الیکشن کے بارے میں سکیورٹی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری دفاع، سیکرٹری دفاع نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کروائے جائیں گے، این اے 45 کرم میں امن و امان کے حالات کے باعث الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16اکتوبر کو ہی کروائے جائیں گے، کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات اعلان کردہ تاریخ 23اکتوبر کو ہونگے ۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 9 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پرضمنی انتخابات میں پولنگ 16 اکتوبرکو کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم وفاقی وزارت داخلہ نے 16اکتوبر کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا اور درخواست کی تھی کہ ضمنی انتخابات 90دن کے لیے ملتوی کیے جائیں۔دوسری جانب  سندھ حکومت نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذوری ظاہر کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواست مسترد کردی تھی ۔۔