پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اصلاحات کا یقین دلایا ہے، طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے بھی ریفارمز اہم ہیں، مارٹن ریزر

واشنگٹن (ویب نیوز)

ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزر نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہوا، ایسی بارشوں کی پہلے مثال نہیں ملتی،بیرونی مدد کیساتھ پاکستان کو بھی مالیاتی اصلاحات کرنا ہوں گی،پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اصلاحات کا یقین دلایا ہے، ۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں مارٹن ریزر کا کہنا تھا کہ دنیا کو پاکستان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے تاہم پاکستان کو بھی مالیاتی اصلاحات کرنا ہوں گی، ساتھ ہی سیلاب سے بحالی کے لیے روڈ میپ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو داخلی اقدامات اٹھانے پڑیں گے، پاکستانی عوام بجلی کے زیادہ بلوں سے پریشان ہیں، اس کی وجہ ڈسٹری بیوشن میں نقصانات اور زیادہ قیمتیں ہیں، اس سے نمٹنے کے لیے توانائی اصلاحات اہم ہیں۔ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اصلاحات کا یقین دلایا ہے، طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے بھی ریفارمز اہم ہیں۔