نیویارک (ویب نیوز)

اقوام متحدہ نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے اور ناظم الامور کو نشانہ بنانے کے حملے کی مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی مذمت کی ہے جس میں مشن کے سربراہ عبیدالرحمان نظامانی کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ظاہر کی اور کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ پاکستانی ناظم الامور عبیدالرحمان نظامانی خیریت سے ہیں۔ہمیں بہت امید ہے کہ شدید زخمی سکیورٹی گارڈ جلد ٹھیک ہوجائے گا، ہم چاہتے ہیں افغانستان میں حالات بہتر ہوں اور یہاں امن قائم ہو۔

 سعودی عرب کی جانب سے افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔ایک بیان میں سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سفیر کو قتل کرنے کی سازش کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم پاکستان اور اسکی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کے سفارتخانے پر دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کابل میں پاکستانی سفارتخانے پرنا معلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے باعث ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا، جسے تین گولیاں لگی تھیں جب کہ پاکستان کے ناظم الامور فائرنگ سے محفوظ رہے۔۔