کراچی میں پرامن، محفوظ اور سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لئے فارمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تعریف ہے، آرمی چیف

راولپنڈی (ویب نیوز)

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کراچی آمد، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری، فاتحہ خوانی، کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، آپریشنل، سیکیورٹی اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو آپریشنل، سیکیورٹی اور فارمیشن کے دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو صوبہ سندھ میں حالیہ سیلاب کے دوران سول انتظامیہ کی مدد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملک میں بدترین سیلاب کے دوران آپریشنل تیاریوں اور سندھ کے لوگوں تک پہنچ کر ان کی مدد کرنے پر فوج اور رینجر کے جوانوں کے کردار کو سراہا۔ جنرل سید عاصم منیر نے صوبے خصوصا کراچی میں پرامن، محفوظ اور سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لئے فارمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی۔ قبل ازیں کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔