مجھے مروانے کیلئے پلان سی بن گیا، زرداری نے دہشتگرد تنظیم کو پیسے دیے ہیں: عمران خان کا الزام

زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ ہے، جیسے ہی ٹھیک ہوا عوام میں نکلوں گا

معاشی بدحالی رجیم چینج کا نتیجہ ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا، ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافے سے نیا طوفان آئے گا

ساری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، یہ فیصلہ کن وقت ہے،سابق وزیراعظم کی ویڈیو لنک پریس کانفرنس

لاہور(ویب  نیوز )

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام لگاتے ہوئے دعوی کیاہے کہ مجھے راستے سے ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں جس کے تحت پلان سی بن گیا ہے، آصف زرداری نے دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ہے، انہوں نے اب اگلی واردات کرنی ہے، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ ہے، جیسے ہی ٹھیک ہوا عوام میں نکلوں گا۔زمان پارک لاہور سے زمان پارک لاہور سے بذریعہ ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے   چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعوی کیا کہ میرے قتل کی نئی سازش کے پیچھے آصف زرداری ہے، پلان اے میں 4 لوگوں نے بند کمرے میں میرے قتل کی سازش تیار کی، پلان بی کے مطابق مجھے مذہبی انتہا پسندی کے نام پر قتل کروانا تھا، پلان بی اور پلان اے میں ناکامی کے بعد پلان سی بنایا گیا ہے، پلان سی میں 4 لوگوں کے علاوہ آصف زرداری بھی شامل ہیں، آصف زرداری نے سندھ حکومت کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم کو دیا ہے، میرے خلاف سندھ حکومت کا لوٹا ہوا پیسہ استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو 4 لوگ مجھے قتل کروانا چاہتے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری بھی شامل ہے، قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو آپ کو پتا ہو کہ وہ لوگ کون ہیں، ان لوگوں کا مقصد ہے کسی طرح عمران خان کو راستے سے ہٹایا جائے، ان 4 لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جمہوریت، اداروں کی تباہی کا مقصد ان کی چوری چھپانا اور مجھے راستے سے ہٹانا ہے، ان کو خوف ہے کہ جنہوں نے سازش کی کہیں ان کا پتا نہ چل جائے، ساری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، یہ فیصلہ کن وقت ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بدحالی رجیم چینج کا نتیجہ ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کو ریلیف دینے کیلئے نہیں لایا گیا، مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی، بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافے سے نیا طوفان آئے گا، گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، ہر کوئی بے نقاب ہوگیا ہے، سیاست دان، صحافی سمیت اداروں میں لوگ بے نقاب ہوگئے ہیں، شہباز شریف، اسحاق ڈار کتنا بڑا جنیئس تھا سب کو پتا چل گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ نگراں حکومت پاکستانی قوم اور آئین کی توہین ہے، آئین میں واضح ہے کہ 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، اگر الیکشن نہیں کروائیں گے تو سیدھا سیدھا آرٹیکل 6 لگتا ہے، یہ عوام سے ڈرے ہوئے ہیں اس لئے انہیں الیکشن، آئین اور رول آف لا کی کوئی فکر نہیں، آج کہہ رہا ہوں جیسے ہی مشکل وقت آئے گا یہ بیرون ملک بھاگ جائیں گے،عدلیہ سے کہہ رہا ہوں کہ قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، اگر آپ ہمارے حقوق کا دفاع نہیں کریں گے تو پاکستان بنانا ری پبلک بن جائے گا، عوام کے لئے یہ فائنل حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام تیار رہیں، ملک کے مستقبل کو بچانے کے لئے عوام نے کھڑے ہونا ہے، انسانوں کے حقوق ہوتے ہیں جانوروں کے نہیں،اگر انہوں نے ہمارے اوپر ظلم کیا تو ہم سب کھڑے ہوں گے، دو ہفتوں تک ان شا اللہ میری ٹانگ ٹھیک ہو جائے گی، جس کے بعد میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا، گھر بیٹھے بیٹھے آزادی نہیں ملتی، جب تک زندہ ہوں جو بھی مجھے غلام بنائے گا اس کے خلاف آخری سانس تک لڑوں گا، اگرعوام چپ کر کے بیٹھ گئے تو مزید ظلم بڑھتے جائیں گے، جہاد کا مطلب ہی انصاف کے لئے جدوجہد کرنا ہے، اللہ نے جہاد ہم سب پر فرض کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کرنے والے غلطی کو درست کرنے کے بجائے ملک مزید دلدل میں دھنساتے چلے جا رہے ہیں۔ غطی درست کرنے کا طریقہ صرف نیا الیکشن تھا  مگر تحریک انصاف کی کامیابی کے خوف سے الیکش نہیں کرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ  عوام ان لوگوں کو کبھی ووٹ نہ دیں جن کا پیسہ اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔