اداروں کا سب سے بڑا حمایتی ہوں، کبھی اداروں کے خلاف بیان نہیں دیا،فواد

پاکستان کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے، اگر آپ مائنس کے چکر میں رہیں گے تو پھر معاملات نہیں چلیں گے، سب کو پلس کر کے چلیں،رہائی کے بعد گفتگو

فواد چوہدری کے اہلخانہ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد استقبال کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی،مچلکے جمع ہونے پر فواد چوہدری کو بعد میں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔25  جنوری کو فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور سے گرفتار کیا تھا، 2 روز قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ان کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی پراسیکیوشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔فواد چوہدری کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے سماعت کی۔فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان، فیصل چوہدری اور علی بخاری عدالت کے روبرو پیش ہوئے، تفتیشی افسر کی جانب سے کیس ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت پراسیکیوٹر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، وکیل بابر اعوان نے درخواستِ ضمانت پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید مدعی مقدمہ ہے، ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں، الیکشن کمیشن کے سیکریٹری انفرادی طور پر خود ریاست نہیں ہے۔انہوں نے موقف اپنایا کہ میرا سوال ہے کیا الیکشن کمیشن حکومت ہے؟ کسی کو کہنا کہ تمہارے خلاف کارروائی کروں گا کا مطلب دھمکی دینا نہیں، بغاوت کی دفعہ انفرادی طور پر کچھ نہیں، بغاوت کی دفعہ کو سیاسی رنگ دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن بھی عدالت میں پیش ہوئے، لگانے کو تو مقدمے میں قتل کی دفعہ بھی لگا سکتے تھے، کیس ثابت ہونے پر ان دفعات پر 10 سے 15 سال کی سزا ہو سکتی ہے، ان دفعات پر کم سے کم 3 سال سزا دی جاسکتی ہے، فواد چوہدری کو جھوٹے کیس میں نامزد کیا گیا۔بابر اعوان نے استدلال کیا کہ فواد چوہدری پر لگی دفعات پر عدالتوں کے کم فیصلے موجود ہیں، آج کل جو کیسز بن رہے ہیں اس کے بعد چند عدالتوں کے فیصلے آئے ہیں، اس موقع پر جج کی جانب سے وکیل بابر اعوان کو مقدمہ پڑھنے کی ہدایت کی گئی۔جج نے ریمارکس دیے کہ فواد چوہدری نے مقدمے کے ایک مخصوص حصے تک تنقید کی، جج نے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کی جانب سے کہنا کہ گھروں سے چھوڑ کر آنے کا کیا مطلب ہے؟ فواد چوہدری سینیئر وکیل اور پارلیمنٹیرین ہیں۔بابر اعوان نے کہا کہ ماضی میں خاتون کو ٹریکٹر اور ٹرالی کہہ کر بھی مخاطب کیا گیا، عدالت نے استفسار کیا کہ خاندانوں کے حوالے سے بات کرنے کا کیا مطلب ہے، پاکستان میں شرح خواندگی آپ کو پتا ہے کیا ہے اور سیاسی شخصیت کا ایسی بات کرنے کا کیا مطلب ہے۔ایڈیشل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے کہا کہ اس سے قبل ہماری ایک ساتھی کے بارے میں بھی کہا گیا، اتنا آگے جانے کا کیا مطلب ہے، بعد میں اس میں معافی مانگی گئی، بابر اعوان نے کہا کہ اس معاملے کو بھی میں نے جاکر حل کروایا تھا۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا مطلب کسی شخصیت کا کباڑا کرنا نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن کے ملازم کو منشی بنا دیا گیا، جج نے استفسار کیا کہ کیا کسی وکیل نے منشی کہنے پر اعتراض اٹھایا؟ منشی کے لفظ کو غلط کیوں سمجھا جارہا ہے؟ پراسیکیوٹر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ملازم کو ٹارگٹ کرکے منشی لفظ استعمال کیا گیا، جج نے کہا کہ منشی کے لفظ کو غلط کیوں سمجھا جارہا ہے؟پراسیکیوٹر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ملازم کو ٹارگیٹ کرکے منشی لفظ استعمال کیا گیا، پولیس کی جانب سے ڈاکومنٹری شواہد اکٹھے کیے گئے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اپنے بیان سے تو فواد چوہدری انکاری نہیں، پراسیکیوٹر نے کہا کہ فواد چوہدری نے پروگرام میں کہا اس ملک میں جو بغاوت ہے وہ تو فرض ہے۔وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ملک میں استحکام نہیں، اس دوران عوام کو اکسانا ٹھیک نہیں، صرف الیکشن کمیشن کو ٹارگٹ نہیں کیا جارہا، رجیم چینج کے بعد افواجِ پاکستان اور سیاسی شخصیات کو ٹارگیٹ کیا جارہا ہے۔جج نے ریمارکس دیے کہ قانون نوآبادیاتی دور میں بنایا گیا تھا، کچھ دفعات واپس نوآبادیاتی دور میں لے جاتی ہیں، پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 124 ان دفعات میں سے ایک ہے، اگر ایک اثر و رسوخ رکھنے والا شخص عوام کو اکسائے تو صورتحال مختلف ہوگی۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل مکمل کرتے ہوئے فواد چوہدری کی درخواستِ ضمانت کی مخالفت کی جب کہ وکیل بابر اعوان نے جواب الجواب میں کہا کہ تفتیش کے دوران پراسیکیوشن نے اعظم سواتی کے ساتھ جو کیا وہ سامنے ہے، اخلاقیات کی بات کرتے ہیں، اعظم سواتی کو اس کی اہلیہ کے ساتھ ویڈیو بھیجی۔انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن اب نیا مدعی ڈھونڈ رہی ہے تاکہ کسی نئے ادارے کی توہین ہو، جس عدالت نے الیکشن کروانے کی ہدایت کی، اسی انتخابات سے الیکشن کمیشن بھاگا، لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے قطاروں میں لگے تھے اور چیف الیکشن کمشنر بھاگ گئے۔بابر اعوان نے استدلال کیا کہ اگر بیان پر جانا ہے تو پراسیکیوشن کو تو 3 سال چاہیے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فواد چوہدری کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔بعد میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق رہائی سے قبل اڈیالہ جیل میں فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا گیا، جیل اسپتال کے عملے نے فواد چوہدری کو صحت مند قرار دیا۔فواد چوہدری نے رہائی کے وقت اپنا سامان اور کپڑے غریب قیدیوں کو دینے کی درخواست کی۔فواد چوہدری کے اہلخانہ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد فواد چوہدری کے استقبال کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی۔، کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی رہنماوں میں عامرکیانی، زلفی بخاری، حماد اظہر، ایڈووکیٹ فیصل چودھری جبکہ فواد چودھری کی اہلیہ اور بیٹیاں بھی موجود تھیں۔رہائی کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پارٹی کی لیڈر شپ کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں، پارٹی میرے پیچھے کھڑی رہی، سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام دوستوں نے بہت ساتھ دیا، اوورسیز پاکستانیوں اور سپریم کورٹ بار کونسل سمیت سب کا شکر گزار ہوں۔فواد چودھری نے کہا کہ اداروں کا سب سے بڑا حمایتی ہوں، کبھی اداروں کے خلاف بیان نہیں دیا، شاہد خاقان عباسی، مصطفی نواز کھوکھر، حنیف عباسی سمیت سب کا نہایت مشکور ہوں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں اگر جہلم، میانوالی کے ایم این ایزغدار ہیں تو پھر پاکستان کے ساتھ کون ہے، سانحہ پشاور پر ہر آنکھ اشکبار ہے، 6 ماہ سے بتا بتا کر ہمارے گلے بیٹھ گئے ہیں، مراد سعید نے کئی بار دہشت گردی کے حوالے سے توجہ دلائی کوئی توجہ نہیں دی گئی، ان کی ساری توجہ عمران کو مائنس کرنے پرلگی ہیفواد چودھری نے کہا کہ عمران خان ایک بڑی حقیقیت ہے، مائنس نہیں کیا جاسکتا، اداروں کے بغیر ملک نہیں چلتے، اداروں اور عوام کو ایک پیج پر رہنا ہے، چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو کمرے میں بلا کر دو چھتر لگائیں، پاکستان میں الیکشن کے علاوہ اور کوئی حل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، مقدمات، سختیاں، جیلیں کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، اب بھی وقت ہے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے بیٹھیں۔فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے، اگر آپ مائنس کے چکر میں رہیں گے تو پھر معاملات نہیں چلیں گے، سب کو پلس کر کے چلیں،اس سے قبل عدالتی فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ فواد چوہدری پر سچ بولنے کا مقدمہ تھا لیکن ان کے لیے بری خبر یہ ہے کہ آپ اگر سمجھ رہے تھے کہ فواد چوہدری کی آواز بند کروگے تو اب فواد چوہدری باہر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز الہی کے گھر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور شیخ رشید پر دباو ڈالا جارہا ہے، یہ سب ایک ہی کڑی ہے اور کوشش ہے کہ ان لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جائے جو عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ فواد چوہدری پر سچ بولنے کا مقدمہ تھا لیکن ان کے لیے بری خبر یہ ہے کہ آپ اگر سمجھ رہے تھے کہ فواد چوہدری کی آواز بند کروگے تو اب فواد چوہدری باہر آرہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زبردستی آواز بند کرانے کی کوشش کی گئی، لوگوں کو اٹھایا گیا ان پر تشدد کیا گیا اور اب براہ راست آئین کو چلینج کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے آئین کے اندر واضح چیز لکھی ہوئی ہے کہ 90 دن کے اندر الیکشن کرانے ہیں لیکن موجودہ حکومت اس سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وجہ جو بھی ہو لیکن آئین سے انحرافی کی جارہی ہے، مجھے بڑی خوشی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں میری درخواست پر عدالت نے واضح طور پر لکھ دیا ہے کہ الیکشن 90 دن کے اندر کرانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف عدالت نے یہ ہدایات دی ہیں کہ 90 دن کے اندر الیکشن کرائیں بلکہ یہ بھی کہا کہ اگر یہ آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی گئی تو یہ آئین سے انحراف ہوگا اور آرٹیکل 5 کے تحت آئین پر عمل کرنے کی ذمہ داری ہے ان پر بھی مقدمہ درج کیا جائے۔اسد عمر نے کہا کہ جیت پاکستان کے آئین کی ہوگی، یہ جتنی کوشش کریں اب ملک الیکشن کی طرف جارہا ہے۔