سیل شدہ ریکارڈکو ابھی نہیں کھول رہے،عدالت کے ریمارکس

عدالت کی توشہ خانہ کے سربراہ کو 23فروری کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت

اسلام آباد (ویب نیوز)

وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا سیل شدہ ریکارڈلاہورہائی کورٹ میں جمع کرادیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے منگل کے روز 1947ء سے اب تک توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات کی فراہمی کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا سیل شدہ ریکارڈ پیش کردیا۔ توشہ خانہ کا سیل شدہ ریکارڈ سیکشن افسر نے عدالت میں پیش کیا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ریکارڈ کو پبلک کرنے بارے آئندہ وفاقی کابینہ اجلاس میں فیصلہ ہونا ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ کلاسیفائیڈ ریکارڈ عدالت کھولنا چاہتی ہے تو کھول سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ سیل شدہ ریکارڈکو ابھی نہیں کھول رہے۔عدالت نے توشہ خانہ کے سربراہ کو 23فروری کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ جسٹس عاصم حفیظ کا کہنا تھا کہ ادارے کے سربراہ کا بیان حلفی نہیں آیا، عدالت سیل شدہ ریکارڈ کو نہیں کھولناچاہے گی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23فروری تک ملتوی کردی۔