چیف جسٹس عمر عطابندیال کا پنجاب، خیبرپختونخوا انتخابات کے معاملے پر ازخود نوٹس

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں نو رکنی بینچ آج (جمعرات کو )سماعت کرے گا

اسلام آباد( ویب نیوز)

چیف جسٹس عمر عطابندیال نے سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کی درخواست پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر از خود نوٹس لیتے سماعت کے لیے 9 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔چیف جسٹس عمر عطابندیال نے از خود نوٹس میں کہا ہے کہ عدالت کے دو رکنی بینچ کی جانب سے 16 فروری 2023 کو ایک کیس میں آئین کے آرٹیکل 184 تھری کے تحت از خود نوٹس لینے کی درخواست کی گئی تھی۔چیف جسٹس نے پنجاب اور خبیرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر از خود نوٹس کی سماعت کے لیے 9 رکنی لارجز بینچ تشکیل دیا ہے، جس میں سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس طارق مسعود شامل نہیں ہیں۔چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں 9 رکنی بینج میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحی آفریدی، جسٹس سید مظہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمدعلی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔سپریم کورٹ کا 9 رکنی بینچ جمعرات کی دوپہر 2 بجے ازخود نوٹس پر سماعت کرے گا۔درخواست کا تناظر یہ ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں بالترتیب14 جنوری اور 18 جنوری کو تحلیل کی گئیں تھیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کے وزرائے اعلی نے ان کے متعلقہ گورنرز کو مشورہ دیا کہ آئین کے آرٹیکل 112(1) کے تحت اسمبلی تحلیل کی جائے۔واضح رہے کہ 20 فروری کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔