آپ اس کیس میں متاثرہ فریق ہیں؟ کیس میں متاثرہ فریق نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی کیسے ہوسکتی ہے؟عدالت

عدالت نے درخوست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرکے درخواست نمٹا دی

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ آڈیو لیکس نشر ہونے سے متعلق پیمرا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی ، درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔دوران سماعت درخواست گزار مہک علی اپنے وکیل نعیم الحسن کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں موقف اختیار کیا گیا کہ پیمرا نے چینل پر خبریں نشر کرنے سے متعلق عدالت کی ہدایت کی خلاف ورزی کی ہے۔عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ اس کیس میں متاثرہ فریق ہیں؟ کیس میں متاثرہ فریق نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی کیسے ہوسکتی ہے؟۔آپ کو ہائی کورٹ کے بجائے پیمرا میں درخواست دینی چاہیے۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخوست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت پر درخواست نمٹا دی۔