• ٹریفک وارڈنز کی موٹر سائیکلیں جلا دی گئیں،پولیس نے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا، پانی کی توپ سے دھلائی کی

لاہور (ویب نیوز)

گزشتہ روز سے لاہور میں پاکستان تحریک انصا ف کے چیئرمین ، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، اس وقت رینجرز کی بھاری نفری زمان پارک کے باہر پہنچ گئی۔پولیس نے صبح سویرے 3 اطراف دھرم پورہ، مال روڈ اور سندر داس روڈ سے زمان پارک کی جانب پیش قدمی کی ،پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی،پولیس گیٹ نمبر 1پر پہنچی تاہم پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھرائو اور حملوں کے بعد پولیس پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئی۔ مظاہرین نے پولیس کی واٹر کینن جلا دی، پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا، ٹریفک وارڈنز کی موٹر سائیکلیں جلا دیں۔ریسکیو 1122 کا فائر ٹینڈر آگ بجھانے پہنچا تو کارکنوں نے اسے بھی آگ لگا دی۔ پولیس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا، پانی کی توپ سے دھلائی کی۔ پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پتھرائو کیا، غلیلیں چلائیں، ڈنڈے برسائے۔لاہور میں کشیدہ صورتحال کے باعث مختلف علاقوں میں سکول، کالجز بند رہے۔