•  آئین پر چلنے والے منصف مزاج جج کیخلاف ایک منتقم مزاج شخص عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی
  • صدر عارف علوی عدلیہ پر حملے کے جرم میں آلہ کار اور ایک جھوٹ کے حصہ دار بنے،شہباز شریف

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف عمران خان کے دور حکومت میں دائر کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دے دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کر دی، حکومت نے اس کیس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ پہلے ہی اس فیصلے کی منظوری دے چکی ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریفرنس کے نام پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں اور بدنام کیا گیا، یہ ریفرنس نہیں تھا بلکہ آئین اور قانون کی راہ پر چلنے والے منصف مزاج جج کیخلاف ایک منتقم مزاج شخص عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی، یہ عدلیہ کی آزادی پر شب خون اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کے دور میں بھی اس جھوٹے ریفرنس کی مذمت کی تھی، عمران نیازی نے صدر کے آئینی منصب کا اس مجرمانہ فعل کیلئے ناجائز استعمال کیا، صدر عارف علوی عدلیہ پر حملے کے جرم میں آلہ کار اور ایک جھوٹ کے حصہ دار بنے، پاکستان بار کونسل سمیت وکلا تنظیموں نے بھی اس کی مخالفت کی تھی۔