پاکستان ،ایران، اومان، بھارت، بنگلادیش، ملائیشیا، انڈونیشیا ، جاپان، آسٹریلیا، جاپان سمیت کئی ممالک میں عید ہفتہ کو ہوگی

ریاض/اسلام آباد (ویب نیوز)

سعودی عرب، ترکیہ، عراق، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں ا ور افغانستان ،امریکا ،برطانیہ کے علاوہ کئی ممالک میں عیدالفطر منائی گئی جبکہ مسجدالحرام اور مسجدنبویۖ میں نمازعید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی،شاہی خاندان کے ارکان، علما و شیوخ نے نماز عید میں شرکت کی۔سعودی فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عید الفطر کے موقع پر قوم سے خطاب میں کہا کہ ہمیں آپ کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے، اللہ ہمارے ماہ صیام کے روزے، عبادات اور نیک اعمال قبول فرمائے۔عیدالفطر کے خطبے میں امام مسجد نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبرکا درس دے گیا ہے اس کو قائم رکھو اور اچھے برے کا فرق بتایا اور سمجھایا گیا ہے کہ کسی کے حقوق سلب نہ کرو اپنے برابر سمجھو۔امام مسجد نے مزید کہا کہ حسن اخلاق رکھو اور معاشرے اچھائی کا سبب بنو کیونکہ اتحاد سب سے بڑی مسلمان کی طاقت ہے جبکہ زندگی اللہ کی دی ہوئی امانت ہے اس کو سنوارو، زبان،رنگ اور نسل سے اوپر انسانیت ہے توحید پر ایمان رکھو یہی ایمان کا جزو ہے۔ حرمین انفو نامی ٹوئٹر اکاونٹ سے چند تصاویر شئیر کی گئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خانہ کعبہ میں لاکھوں کی تعداد میں افراد نمازعید کی ادائیگی کر رہے ہیں۔نماز عیدالفطر کے روح پرور اجتماع میں 20 لاکھ سے زائد عمرہ زائرین نے نماز عیدالفطر ادا کی۔ادھر افغانستان، ترکمانستان، ازبکستان سمیت وسط ایشیائی ریاستوں، امریکا، برطانیہ،کینیڈا اور یورپی ممالک میں بھی عید منائی گئی۔پاکستان ،ایران، اومان، بھارت، بنگلادیش، ملائیشیا، انڈونیشیا ، جاپان، برونئی، آسٹریلیا، جاپان، فلپائن، سنگاپوراورتھائی لینڈ میں عید  ہفتہ کو ہوگی۔