خواجہ محمد آصف

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کہ ملک میں کمپنیاں 500ارب کا ٹیکس چوری کر رہی ہیں،کڑوی گولی کھا کر علاج  کرنے تک ٹھیک نہیں ہوں گے،ہمیں دشمن نہیں اندر سے خطرہ ہے، نہ چل سکنے والے ادارے بند کر کے300ارب بچا سکتے ہیں،مافیاز کے ہوتے ملک نہیں چلے گا،ٹیکس نہ دینے والے اسمبلی میں پہنچے ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری آمدنی سے سود بھی پورا نہیں ہو رہا، ہم نے قرض سے زیادہ قرض کا سود ادا کرنا ہے، ہمارے معاشی حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں لیکن مشکل معاشی حالات کے باوجود اسحاق ڈار نے بہتر بجٹ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ غربت مکا ؤتنظیموں کے سربراہان لاکھوں روپے تنخواہیں لیتے ہیں، ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے جس کا کوئی پوچھنے والا نہیں، عام آدمی کے حالات بہت خراب ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں 500ارب روپیہ چوری ہو رہا ہے، کمپنیاں ٹیکس نہ دے کر ملک میں چوری کر رہی ہیں ،ٹیکس نہ دینے والے ہماری اسمبلی میں پہنچے ہوئے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تمباکو سیکٹر کے لوگ بھی ٹیکس چوری میں ملوث ہیں، تمباکو میں 240ارب روپے جب کہ فارما سیوٹیکل میں 45ارب روپے کی چوری ہو رہی ہے، اگر یہ لوگ ٹیکس چوری نہ کریں تو قومی خزانے میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک میں ہزاروں ارب کی چوری ہو وہاں بجٹ کیسے پیش ہو، ہمیں چوری روکنے کے لئے مستقل حل ڈھونڈنا پڑے گا، غربت دور کرنے والے پہلے اپنی غربت دور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رئیل سٹیٹ میں بھی 500ارب کا ٹیکس نہیں دیا جا رہا، کوئی بھی اپنی پوزیشن چھوڑنے کے لئے تیار نہیں، لوگ یونیورسٹیز کے فنڈز تک کھا رہے ہیں، آٹو موبائل میں 50ارب روپے، سٹیل سیکٹر میں 30ارب اور چائے امپورٹ میں 45ارب روپے کی چوری ہو رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا ملک غریب ہے جہاں کروڑوں لوگ فاقہ کر رہے ہیں تاہم گزشتہ 4سال تک ایلیٹ کلاس کو تحفظ فراہم کیا جاتا رہا، دعا ہے سیاسی طور پر مستحکم قائم ہو سکے جو ان کو کنٹرول کرے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ملکی مسائل کا علاج موجود ہے، ہمارا علاج آئی ایم ایف کے پاس نہیں بلکہ ہمارے اپنے پاس ہے، لہٰذا جب تک کڑوی گولی کھا کر علاج نہیں کریں گے ٹھیک نہیں ہوں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ لوگ تین، تین وزیراعظم کھا گئے لیکن انہوں نے ڈکار تک نہ لی، ہمیں باہر کے دشمن سے نہیں اندر سے خطرہ ہے، جو ادارے نہیں چل سکتے انہیں بند کر کے 300ارب بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی اور پیٹرولیم کا گردشی قرضہ 4ہزار ارب روپے ہے، مافیاز کے ہوتے ہوئے ملک نہیں چلے گا، یہاں تھانوں اور شہروں میں بھی بجلی چوری ہو رہی ہے۔