الیکشن کمیشن کا عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروانے کا اعلان

اسلام آباد : ( ویب نیوز)

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروانے کا اعلان کیا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے آج حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویزکی سماعت کے بعد 30 نومبرکو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروا دئیے جائیں گے۔
حالیہ دنوں میں پاکستان میں سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن سے اگلے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔
خیال رہے کہ 13 ستمبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چيف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ کر عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 6 نومبر 2023 کی تاریخ تجویز دی اور اس حوالے سے اعلی عدلیہ سے رائے لینے کا بھی کہا تھا۔
الیکشن کمیشن کا صوبائی چیف سیکرٹریز کو انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ملک میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت تمام انتظامی افسران الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں، چیف سیکرٹریز انتخابات کی تیاریوں میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔
خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ملک کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی الیکشن کمیشن سےرابطے کی ہدایت دی جائے، پورے ملک میں انتظامی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ حساس اور غیر حساس الیکشن میٹریل رکھنے کیلئے محفوظ اور مناسب جگہیں فراہم کی جائیں، الیکشن میٹریل میں ریٹرننگ افسران کو فراہم کیے جانے والے ٹیبلٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن میٹریل جن مقامات پر رکھا جائے وہاں بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے۔
اس سے قبل اگست کے آخری ہفتے میں بھی صدر نے عام انتخابات کی تاریخ دینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا اورانھیں ملاقات کی دعوت دی تھی جس میں ملک میں عام انتخابات کے لیے تاریخ کے اعلان کے لیے مشاورت کا کہا گیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر جوابی خط میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت وزیراعظم کی سفارش پر صدر نے 9 اگست کو تحلیل کی تھی، اب الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 میں 26 جون کو ترمیم کردی گئی ہے، اس ترمیم سے قبل صدر الیکشن کی تاریخ کے لیے کمیشن سے مشاورت کرتا تھا، اب سیکشن 57 میں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن کو تاریخ یا تاریخیں دینے کا اختیار ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس کے دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔