مستونگ میں دہشت گردی میں ملوث عناصرکو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی  بھی حاصل ہے ۔جنرل سید عاصم منیر

عوام نے دہشت گردوں کے نظریے ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے

پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں

چیف آف آرمی سٹاف کا دورہ کوئٹہ کے موقع پر اظہار خیال

آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔

آرمی چیف کی شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی

کوئٹہ( ویب  نیوز)

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر  نے کوئٹہ کا دورہ کیا  ۔ہفتہ کو اس دورے کے موقع پر جنرل عاصم منیر کو مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلی بلوچستان اور اہم صوبائی وزرا کے علاوہ اعلی سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔شرکا کی جانب سے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پرآرمی چیف  نے کہا کہ  12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشت گردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں – اس دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی  بھی حاصل ہے،یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ  بدی کی طاقتیں ریاست اور سیکورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی جنہیں ایک مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس  ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے، پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیاجہاں  انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کا بہترین  علاج کیا جا رہا ہے۔ آرمی چیف نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا۔آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ۔آرمی چیف نے زخمیوں اور شہدا کے لواحقین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔کوئٹہ آمد پر وزیراعلی بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔