غزہ پر اسرائیلی حملے15ویں روز میں داخل، تازہ بمباری میں مزید 19فلسطینی شہید،50سے زائدزخمی
اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی، 1 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں،فلسطینی وزارتِ صحت
اسرائیل نے القدس ہسپتال خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی، یونانی آرتھوڈوکس چرچ پر حملوں میںمرنے والوں میں 16 فلسطینی مسیحی بھی شامل
غزہ( ویب نیوز)
اسرائیل کی غزہ پر بمباری 15ویں روز بھی جاری رہی ، غزہ پر بمباری کے نتیجے میں ہر طرف تباہی و بربادی کا عالم ہے ، بجلی ، پانی، ایندھن سمیت بنیادی سامان ختم ہوچکا ہے ۔غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی تازہ بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت مزید 19فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ 50سے زائد زخمی ہوئے۔فلسطینی وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔اسرائیل نے القدس ہسپتال خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف قدرا نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہداء کی تعداد 4 ہزار 300 ہو گئی ہے، 13 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ 1 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونانی آرتھوڈوکس چرچ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میںمرنے والوں میں 16 فلسطینی مسیحی بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر اشرف قدرا کا یہ بھی کہنا ہے کہ غزہ پٹی کے 7 اسپتال اسرائیلی حملوں کے سبب مکمل طور پر بند ہو گئے ہیں۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی کشیدگی کے دوران اب تک حماس کی جانب سے کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 1400 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔
کمسن فلسطینی یوٹیوبر عونی الدوس بھی اسرائیلی حملے میں شہید
غزہ …کمسن فلسطینی یوٹیوبر عونی الدوس بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہو گیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عونی الدوس کی شہادت کی اطلاع فلسطینی رضاکاروں نے سوشل میڈیا پر دی۔ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ہزاروں فلسطینی بچوں میں 12 برس کا یوٹیوبر عونی الدوس بھی شامل ہے، جو مستقبل میں معروف شخص بننے کا خواب دیکھا کرتا تھا۔ عونی الدوس نے حالیہ کشیدگی سے کچھ عرصہ قبل گیمز پر مبنی اپنا یوٹیوب چینل بنایا تھا، جس پر اس نے اب تک صرف 11ویڈیوز اپلوڈ کی تھی اور اس کے کل سبسکرائبرز کی تعداد 266ہزار ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ننھے عونی الدوس کا خواب تھا کہ اس کے چینلز کے فالوورز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر جائے تاہم وہ اس سے قبل ہی اسرائیلی بربریت کا نشانہ بن گیا۔ عونی کے ایک قریبی دوست مصعب دلول نے اپنے فیس بک پیج پر سور الفجر کی آیت نمبر 27، 28، 29اور 30کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ‘اے نفس مطمئن چل اپنے رب کی طرف، اس حال میں کہ تو (اپنے انجام نیک سے)خوش اور (اپنے رب کے نزدیک)پسندیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مہربان لڑکا، میرا پیارا بھائی اور دوست اس وقت شہید ہوا جب اس کے گھر کو اسرائیلی بمباری میں نشانہ بنایا گیا۔
فتح حاصل کرنے تک لڑائی جاری رکھیں گے، اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو
غزہ… اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو نے اپنی فوج کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھنے کی دھمکی دے دی۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے بیان میں کہا کہ غزہ میں فتح حاصل ہونے تک لڑائی جاری رکھیں گے۔ جتنے اسرائیلی حماس نے یرغمالی بنائے ہیں انہیں واپس لے کر آئیں گے۔ دوسری جانب اسرائیل کے وزیردفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ حماس کو شکست ہو جائے گی تو اسرائیل غزہ کی پٹی کے تحفظ یا کسی بھی دیگر چیز کا ذمہ دار نہیں رہے گا۔ فلسطین میں حالیہ تنازع سے قبل اسرائیل غزہ کو ایندھن اور دیگر ممالک سے غزہ بھیجی جانے والی امداد کی نگرانی کرتا تھا۔ غزہ کے لیے نیا سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا۔اسرائیلی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پہلے حماس کے انفرا اسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کریں گے اس کے بعد حماس کے بچے کھچے ٹھکانے ختم کرنے کے لیے فوجی آپریشن کیا جائے گا۔