بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں میں 5سال کے دوران 27کروڑ 72لاکھ 55ہزار روپے اضافہ

2018میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86لاکھ 94ہزار روپے تھی

2023میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 31کروڑ 59لاکھ 50ہزار روپے سے زائد ہو گئی

 بانی پی ٹی آئی ایک بھی گاڑی کے مالک نہیں ہیں جبکہ سابق وزیراعظم نے زمان پارک لاہور میں 7کنال 8مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا ہے

لاہور( ویب  نیوز)

بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں میں 5سال کے دوران 27کروڑ 72لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔ نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق 2018 میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی جبکہ 2023 میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59لاکھ 50ہزار روپے سے زائد ہو گئی ۔دستاویز کے مطابق بانی پی ٹی آئی ایک بھی گاڑی کے مالک نہیں ہیں جبکہ سابق وزیراعظم کے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی شامل ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں 7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا   جبکہ زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا ہے اسی طرح اسلام آباد میں بنی گالا میں 300 کنال اراضی بطور تحفہ میں وصول ظاہر کی گئی ۔بانی پی ٹی آئی نے بنی گالا گھر کی تزین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا ہے جبکہ اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ مالیت سے زائد کی 6 کنال 16مرلے اراضی بھی اپنے اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی بانی پی ٹی آئی کی ملکیت میں شامل ہے جبکہ 3کروڑ 40لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا ۔بانی پی ٹی آئی نے بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی ہے جبکہ ان کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد رقم کیش کی صورت میں موجود ہے اسی طرح اسلام آباد کے مختلف بینک اکائونٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی۔سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیا کی قیمت ایک کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام پاکپتن اور دیپالپور میں 698 کنال اراضی بھی بتائی ہے۔دستاویزات کے مطابق بشریٰ بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی کاغذات میں ظاہر کیا گیا تاہم بانی پی ٹی آئی نے ایف بی آر کو 2021 میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کئے جبکہ ایک سال کے دوران 2022 میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی۔ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 2023 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی، بانی پی ٹی آئی نے اپنی تعلیمی قابلیت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے موجودہ پیشہ فلنتھروپسٹ ظاہر کیا ہے۔