آواران ،سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، 5دہشت گرد ہلاک

دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ ، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد

فوج کا باجوڑ میں آپریشن، افغان سرحد سے پاکستان میں داخلے کی کوشش کرنے والے 3 دہشتگرد ہلاک

افغان سرزمین سے شمالی وزیرستان میں سرحدی چوکی پر فائرنگ سے جوان شہید۔

آواران ( ویب  نیوز)بلوچستان کے ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے مشکئی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 دہشتگردہلاک ہو گئے ۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کرد یا گیا ، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کرلیا گیا، علاقے میں موجود مزید دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے دشمن کی ہر سازش ناکام بنا دیں گی، بلوچستان میں امن واستحکام اور ترقی کا عمل سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں پاک ۔ افغان بارڈر کے قریب سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ افغان سرزمین سے شمالی وزیرستان میں سرحدی چوکی پر فائرنگ سے جوان شہید ہوگیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق افغان سرحد سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں نشانہ بنایا اور آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود برآمد کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ شب بھی افغان سرزمین سے شمالی وزیرستان میں سرحدی چوکی پر فائرنگ کی گئی جس سے ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والا 31 سالہ جوان نائیک عبدالرف شہید ہو گیا، جبکہ بلااشتعال فائرنگ پر جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا بھاری جانی نقصان ہوا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان کو مسلسل اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے خبردار کیا جا رہا ہے، افغان عبوری حکومت پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کی روک تھام کا وعدہ پورا کرے۔