ٹرمپ کے بیان کے بعد ایران نے مذاکرات معطل کردیے، وفد واپس روانہ

سوئٹزر لینڈ  ( ما نیٹرنگ ڈیسک )

امریکی صدر ٹرمپ کے ایران کیخلاف دیے گئے سخت بیان سے بدمزگی پیدا ہوگئی جس کے بعد ایران نے مذاکرات معطل کردیے، بعد ازاں وفد واپس روانہ ہوگیا۔

سوئٹزر لینڈ کے سیاحتی ریزورٹ برگن اسٹاک میں پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد ایران نے مذاکرات معطل کردیے، ایرانی وفد نے برگن اسٹاک سے روانگی کی تیاری شروع کردی۔

خبر کے مطابق ایرانی وفد نے بات چیت لبنان پر اسرائیلی حملے نہ ہونے سے مشروط کردی، ایرانی میڈیا کے مطابق قبل ازیں امریکی صدر کے دھمکی آمیز بیانات پر ایرانی وفد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے باضابطہ احتجاج درج کرایا اور بعد ازاں مذاکراتی میز چھوڑ کر چلا گیا۔

ایرانی وفد نے سرکاری میڈیا کو بھی ہوٹل بلالیا، ایرانی خبر ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ باقر قالیباف کی قیادت میں وفد نے برگن اسٹاک سے روانگی کی تیاری شروع کردی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایرانی وفد سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے 4 فریقی مذاکرات مکمل ہونے کے بعد واپس روانہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان کے معاملے پر اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے بجائے ایران کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘پر امریکی صدر نے ایک پوسٹ میں مطالبہ کیا کہ ایران لبنان میں اپنے پراکسیز کو گڑ بڑ کرنے سے روکے، اگر تہران باز نہ آیا تو ہم اس پر دوبارہ بہت سخت حملہ کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران پر ایسے ہی حملہ کریں گے جیسے پچھلے ہفتے کیے تھے، بلکہ ان سے بھی زیادہ شدید حملے کریں گے۔

ہم امریکیوں کی دھمکیوں پر غور نہیں کرتے، ایران

اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکیوں کی دھمکیوں کو نہیں مانتے ہم جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

صدر ٹرمپ کی دھمکیوں پر جواب دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ ہم امریکیوں کی دھمکیوں پر غور نہیں کرتے، کیا وہ خود نہیں سوچتے ان کی دھمکیوں کا اثرہوتا تو آج وہ مایوسی کےاس مقام پرنہ پہنچتے؟

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو اپنے بیانات سے محتاط رہنا چاہیے ہماری مسلح افواج مختلف انداز میں جواب دینے کے لیے تیار ہیں، وہ جو بھی باتیں کریں، یہ ہم ہیں جو اپنے عمل سے جواب دیتے ہیں۔

 

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں پر ایرانی مذاکراتی ٹیم نے احتجاج ہے ایرانی مذاکراتی ٹیم نے امریکی  وفد کو ٹرمپ کے بیانات پر احتجاج ریکارڈ کرایا اور اپنے تحفظات سےآگاہ کیا۔