اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت بچوں کو تعلیمی وظائف پرائمری سے سیکنڈری تک دینے کا آغاز اب یکم جولائی سے ہوگا۔
وہ یہاں احساس بچت بینک اکاؤنٹ کے اسلام آباد سے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے سات اہداف اور 270 اقدامات ہیں۔ احساس ٹیم تندہی سے اس کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پروگرام کو موثر اور شفاف بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ دیانتداری کو یقینی بنانے کے لئے 32 نکات ترتیب دیئے ہیں، اس کی نگرانی کے لئے 32 ڈیش بورڈ ہیں، جن کا ماہانہ جائزہ اجلاس میں جائزہ لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفافیت اور بدعنوانی کی روک تھام ہمارا مشن ہے۔ احساس کفالت پروگرام کے لئے سروے 88 فیصد مکمل ہوگیا ہے۔ ون ونڈو کا وزیراعظم دو ہفتے تک افتتاح کریں گے۔ احساس کفالت پروگرام سے اس وقت 70 لاکھ خاندان مستفید ہو رہے ہیں ،اس کو وسعت دینے کے لئے سمری ارسال کر رکھی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ بچوں کو اس وقت اس پروگرام کے تحت پرائمری تک تعلیمی وظائف دیئے جا رہے ہیں اسے یکم جولائی سے سیکنڈری تک وسعت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سروے کی تکمیل کے بعد تحصیل کی سطح پر ڈیسک قائم کئے جائیں گے جہاں رہ جانے والے مستحق لوگ اپنا اندراج کروا سکیں گے۔