پنجاب حکومت کا یوم عاشورہ پربڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ
موبائل فون سروس کی بندش کا اطلاق ذوالجناح کے جلوسوں کے روٹس پر ہو گا،محکمہ داخلہ پنجاب
لاہور( ویب نیوز) پنجاب حکومت نے یوم عاشورہ پرلاہور سمیت بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل فون سروس کی بندش کا اطلاق ذوالجناح کے جلوسوں کے روٹس پر ہو گا۔صوبے کے مزید شہروں کے ناموں کی بھی فہرست طلب کرلی ہے۔موبائل فون سروس ان مقامات پر بند رکھی جائے گی جو شہر کے حساس علاقے ہیں۔ لاہور میں یوم عاشور کے جلوس کے روٹس اور گردونواح میں موبائل فون سروس بند کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق لاہور کے دیگر علاقوں میں موبائل فون سروس بحال رہے گی۔ ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، بہاو لپور، رحیم یار خان، اٹک، ڈی جی خان سمیت متعدد بڑے اضلاع میں موبائل فون سروس بند ہوگی۔




