اسلام آباد(نیوز)چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے حدیبیہ کیس کو دوبارہ سماعت کے لئے مقرر کرتے ہوئے نیا بینچ تشکیل دے دیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل کی سماعت کے لئے جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 3رکنی خصوصی بنچ تشکیل دیدیا ہے جو 28 نومبر کو دن 12 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ نئے بینچ میں جسٹس قاضی فائزعیسٰی اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔ یہ تینوں ججز پانامہ بینچ میں شامل نہیں تھے۔اس سے پہلے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پانامہ بینچ کا حصہ ہونے کے باعث حدیبیہ کیس سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ رجسٹرار آفس نے کیس غلطی سے بینچ کے سامنے لگا دیا اور شائد رجسٹرار آفس نے پاناما کیس پر میرا فیصلہ نہیں پڑھا، اپنے فیصلے میں حدیبیہ کیس کھولنے کے حوالے سے ایک حد تک فیصلہ دے چکا ہوں، رجسٹرار آفس کو کیس ہمارے بینچ کے سامنے نہیں لگانا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف فیملی کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز مقدمے کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ میں حدیبیہ کیس کی دوبارہ سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل ..
نومبر 25, 2017
#چیف جسٹس ثاقب نثار, #حدیبیہ کیس, #نیا بینچ تشکیل