وزیراعلیٰ سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر نعمان کبیر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات، وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا
سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرینگے،پاکستان کی پکار پر صاحب حیثیت افراد کو متاثرین کا ہاتھ تھامنا ہو گا: پرویز الٰہی
لاہو رمیں معروف کاروباری مراکز کے قریب پارکنگ پلازے بنائے جائینگے،انارکلی میں تاجروں اورعوام کی سہولت کیلئے پارکنگ پلازہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے
لاہور (ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر نعمان کبیر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ نعمان کبیر نے وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کو ایل سی سی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کے لئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران کے جذبے کو سراہا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تاجر وصنعتکار برادری نے مشکل حالات میں ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ جب بھی قوم کو آزمائش کا سامنا کرنا پڑا، تاجر وصنعتکار برادری پیچھے نہیں رہی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے جذبے کو سراہتے ہیں۔وزیر اعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم اصل حقدار تک پہنچائیں گے اور سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔پاکستان کی پکار پر قوم کو ملی جذبے کا بے مثال کردار کرنا ہے۔ سیلاب نے جو تباہی برپا کی ہے وہ ناقابل بیان ہے۔متاثرین کی بحالی کے لئے ایک بار پھر سب کو قومی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔حکومت کے ساتھ این جی اوز اور صاحب حیثیت افراد کو بھی آگے بڑھ کر متاثرین کا ہاتھ تھامنا ہو گا۔پنجاب حکومت نے متاثرین کی مدد کے خصوصی فنڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر و صنعتکار برادری مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تاجر و صنعتکار دوست حکومت ہے۔ہماری حکومت نے آتے ہی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اوقات کار کی پابندی ختم کی۔لاہو رمیں معروف کاروباری مراکز کے قریب پارکنگ پلازے بنائے جائیں گے۔انارکلی میں تاجروں او رعوام کی سہولت کے لئے پارکنگ پلازہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تاجر وصنعتکار برادری کی سہولت کیلئے ریونیو ریکارڈ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ نعمان کبیرنے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر نعمان کبیرنے کہاکہ وزیر اعلی چودھری پرویز الہٰی نے سابقہ دور میں تاجر وصنعتکار برادری کے لئے بے مثال کام کئے اور اب بھی کاروباری اوقات کار کی پابندی ختم کرکے آپ نے تاجر وصنعتکار برادری کے دل جیت لئے ہیں۔ تاجروں اورصنعتکاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد میں سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران طاہر منظور چودھری، میاں جبار خالد، مومن ملک، یوسف شاہ، محمد عثمان، احمد فراز ارشد اور مقبول صدیق اور سیکرٹری جنرل شاہد خلیل شامل تھے۔سینیٹر کامل علی آغا،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب جی ایم سکندر بھی اس موقع پر تھے۔