اسلام آباد(صباح نیوز)
احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری سمیت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو 29 مئی کو طلب کرلیا ، نیب کے مطابق ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ 2، 4، 7اور 12کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے۔ نیب کے مطابق آصف زرداری اور نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں، آصف زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی جعلی اکائونٹس کے ذریعے ادا کی، آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں اور انہوں نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔ نیب نے کہا کہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے، نوازشریف کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی، گاڑیوں کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی اکائونٹس سے کی، انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکائونٹس کا استعمال کر کے 2 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں، اس کے علاوہ انور مجید نے آصف زرداری کے اکائونٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کیے جبکہ عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کولیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کیے۔