افغانستان کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کرے تو تعاون کیلیے تیار ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف
اسلام آباد ( ما نیٹرنگ ڈیسک )
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان کالعدم ٹی ٹی پی و دیگر گروہ کے خلاف کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلیے تیار ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کانفرنس میں معزز اسپیکرز، پارلیمنٹیرینز اور دیگر شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، امن و سلامتی کے موضوع پر پارلیمانی رہنماؤں کو جمع کرنا پاکستان کیلیے باعث فخر ہے، امن و استحکام ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے بھی کئی بار امن دشمن کارروائیوں کا سامنا کیا، ہم سمجھتے ہیں ترقی اسی معاشرے میں ممکن ہے جہاں امن و سلامتی ہو، ہم نے ہمیشہ استحکام اور دفاع وطن میں عزم کا مظاہرہ کیا، دنیا میں جاری تنازعات نے امن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت میں تعاون پر برادر ممالک کو سراہتے ہیں، شدت پسند گروہ افغانستان اور اس کے باہر امن کیلیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج نے پیشہ دارانہ صلاحیت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے، افغانستان کالعدم ٹی ٹی پی و دیگر گروہ کے خلاف کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلیے تیار ہے۔ ’دنیا کو دکھایا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سالمیت کیلیے ہر قیمت ادا کرے گا۔ پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مالیاتی اصلاحات لا رہا ہے۔ کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کر سکتا ترقی کیلیے امن و استحکام ناگزیر ہے۔‘ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری حکومت نے ملک میں جامع اصلاحات کی ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے آسانی اور ماحولیاتی استحکام پر کام کر رہے ہیں، خواہش ہے دنیا کے تمام ممالک امن، ترقی اور خوشحالی کیلیے متحد ہوں۔





