قطر سے ایل این جی کا پہلا جہاز کل صبح کراچی پہنچے گا

جہاز میں تقریباً 2 لاکھ 12 ہزار مکعب میٹر ایل این جی موجود ہے

اسلام آباد/کراچی ( ویب  نیوز) 

ایران جنگ کے آغاز کے بعد پہلی بار قطر سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) لے کر آنے والا پہلا بحری جہاز ‘الخریطیات’ تمام رکاوٹیں عبور کر کے کل بروز پیر (11 مئی) کی صبح کراچی کے پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگا۔، مارشل آئی لینڈز کے پرچم تلے چلنے والا یہ ٹینکر (آئی ایم او 9397327) اپنی منزل کے قریب پہنچ چکا ہے۔جہاز میں تقریباً 2 لاکھ 12 ہزار مکعب میٹر ایل این جی موجود ہے۔ جہازپورٹ قاسم، کراچی میں لنگر انداز ہوگا عرب نیوز کے مطابق 28 فروری کو ایران جنگ چھڑنے کے بعد یہ پہلا قطری ٹینکر ہے جس نے بحفاظت آبنائے ہرمز کو عبور کیا ہے۔ اس سے قبل سیکیورٹی خدشات اور ناکہ بندیوں کی وجہ سے قطر کی برآمدات شدید متاثر ہوئی تھیں اور اپریل میں ایک ایسی ہی کوشش ناکام ہو گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق، اس جہاز نے ایران کی جانب سے منظور شدہ ”شمالی بحری راستے” کا انتخاب کیا، جو ایرانی ساحل کے ساتھ قشم اور لارا ک جزائر کے قریب سے گزرتا ہے۔ تہران کی جانب سے اس جہاز کو راستہ دینے کو پاکستان اور قطر کے ساتھ اعتماد سازی کے ایک سفارتی اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان اس وقت توانائی کے بحران سے نبرد آزما ہے اور قطر کے ساتھ حکومتی سطح (G2G) کے معاہدے کے تحت آنے والی یہ کھیپ ملک میں گیس کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ماہرین اسے توانائی کی عالمی ترسیل میں ایک ”بریک تھرو” قرار دے رہے ہیں، اگرچہ اسے ابھی آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی نہیں بلکہ ایک مخصوص منظور شدہ سفر سمجھا جا رہا ہے۔