…4…ہولناک بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ "بشنوئی گینگ” تباہ (11 افراد گرفتار) عالمی
کینیڈا میں سکھ رہنما نجر کے قتل میں ملوث ‘بشنوئی گینگ’ پر امریکہ کا سب سے بڑا کریک ڈاؤن. امریکہ، کینیڈا اور یورپ سے مجموعی طور پر دو درجن سے زائد مشتبہ افراد گرفتار
امریکہ، کینیڈا اور یورپ میں بھارتی بشنوئی گینگ کےخلاف ایک انتہائی مربوط اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد گرفتارکر لیا ہے. کم از کم 50 مقامات پر چھاپے مارے گئے
بھارتی بشنوئی گینگ کو نشانہ بنایا گیا، جو شمالی امریکہ اور بھارت میں بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ، اور سیاسی شخصیات، صنعت کاروں، اداکاروں اور موسیقاروں کے قتل میں ملوث رہا ہے
لاس اینجلس( ما نیٹرنگ ڈیسک ) امریکی وفاقی ایجنٹوں نے منگل کے روز ایک انتہائی مربوط اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے کیلیفورنیا میں ایک ہولناک بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ "بشنوئی گینگ” کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ان چھاپوں کے دوران کیلیفورنیا سے کم از کم 11 ملزمان، جبکہ امریکہ، کینیڈا اور یورپ سے مجموعی طور پر دو درجن سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔لاس اینجلس کے وفاقی ایجنٹوں کی قیادت میں ہونے والے اس عالمی کریک ڈاؤن میں بھارت سے تعلق رکھنے والے اس بشنوئی گینگ کو نشانہ بنایا گیا، جو شمالی امریکہ اور بھارت میں بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ، اور سیاسی شخصیات، صنعت کاروں، اداکاروں اور موسیقاروں کے قتل میں ملوث رہا ہے۔امریکہ، کینیڈا اور یورپ میں کم از کم 50 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ کیلیفورنیا کے بے ایریا (Bay Area) سے 5 اور لاس اینجلس سے 8 ملزمان گرفتار ہوئے، جبکہ کچھ گرفتاریاں انڈیانا، جارجیا، کینیڈا اور اسپین میں بھی عمل میں آئیں۔تحقیقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2,200 پاؤنڈ سے زائد کوکین اور ہیروئن، 40,000 ڈالر نقد رقم اور ایک درجن آتشیں اسلحہ ضبط کیا۔ حکام اب بھی امریکہ میں 7، بھارت میں 2 اور یورپ میں 1 مفرور ملزم کی تلاش میں ہیں۔لاس اینجلس کے اعلیٰ پراسیکیوٹر بل عیسائیلی (Bill Esayli) کا کہنا تھا:”آج کی فردِ جرم میں نامزد ملزمان پر انتہائی پرتشدد اور وحشیانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایسے پرتشدد گینگز کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے، خاص طور پر ان کے لیے جو غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم ہیں۔”یہ کارروائی کئی سالوں سے جاری وفاقی تحقیقات کا نتیجہ ہے جسے "آپریشن ہارڈ بال” کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بشنوئی گینگ سمیت تین بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا خاتمہ تھا جو ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور بڑے پیمانے پر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔اس گینگ کا سربراہ 33 سالہ لارنس بشنوئی ہے، جو طویل عرصے سے بھارت کی جیل میں قید ہے اور وہیں سے اپنے اس نیٹ ورک کو چلا رہا ہے۔ کینیڈین حکومت نے اس گینگ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے، اور رپورٹس کے مطابق یہ گینگ ‘کرکٹ کینیڈا’ میں میچ فکسنگ اور کرپشن میں بھی ملوث رہا ہے۔فردِ جرم کے مطابق، بشنوئی گینگ 2023 میں کینیڈا کے شہر برٹش کولمبیا میں ایک سکھ عبادت گاہ کے باہر معروف سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہے۔ لارنس بشنوئی پر الزام ہے کہ اس نے دو مسلح شوٹرز کو نجر کے قتل کا حکم دیا تھا۔ نومبر 2023 میں، بشنوئی نے کینیڈا کے شہر وینکوور میں مشہور بھارتی اداکار اور گلوکار گپی گریوال کی رہائش گاہ پر ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی اور سوشل میڈیا پر دھمکی دی تھی۔اس سال جنوری میں گینگ نے تھاؤزنڈ اوکس (Thousand Oaks) کے ایک امیر رہائشی سے 5 ملین ڈالر کا بھتہ مانگا تھا۔اس آپریشن کے دوران وفاقی اداروں نے "بھگوان پوریا گینگ” کو بھی نشانہ بنایا، جس کا سربراہ جگو بھگوان پوریا ہے (جو پہلے بشنوئی کا ساتھی اور اب حریف ہے)۔ اس کے علاوہ برٹش کولمبیا کے رہائشی 57 سالہ روندر سنگھ دھانڈہ پر بھی فردِ جرم عائد کی گئی ہے، جو لاس اینجلس سے کینیڈا کی سرحد تک ٹرکوں کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے والے نیٹ ورک کا سربراہ ہے۔اس وسیع آپریشن میں امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی (FBI)، لاس اینجلس پولیس (LAPD) اور کینیڈا کی رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔






